(24 نیوز)مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہاہے کہ بہاولپورنے فیصلہ سنادیا ہے،حکومت کے دن گنے جاچکے ہیں، جس دن پی ڈی ایم نے استعفے دے دیے، حکومت کا کام تمام ہوجائے گا۔
بہاولپور میں پی ڈی ایم ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہاکہ نواز دور میں آٹا 35 روپے کلو تھا، آج 80/90 روپے کلو ہے، نوازشریف دور میں چینی 52 روپے تھی، آج 120 روپے کلو ہے، مرغی کو چھوڑو لوگ سبزی کھانے کے قابل بھی نہیں۔
انہوں نے کہاکہ ڈھائی سال بعد ہاتھ کھڑے کردیے کہ مجھے کام نہیں آتا،دوسرے صوبے کہتے تھے جب تک پنجاب کھڑا نہیں ہوگا تبدیلی نہیں آئےگی،مجھے احساس ہے، یہی احساس سب کو کھینچ کر لایا ہے۔
مریم نواز نے کہاکہ کیا مہنگائی کے اس طوفان کو تبدیلی کہتے ہیں؟،نالائقی اور نااہلی کے سمندر کو تبدیلی کہتے ہیں؟،کیا کشمیر فروشی کو تبدیلی کہتے ہیں؟ ،کیا غریب کے چولہے کی آگ بجھانے کو تبدیلی کہتے ہیں؟ ،کیا 27 ارب کی4میٹرو جو چلتی کم اور جلتی زیادہ ہے اسے تبدیلی کہتے ہیں؟،کیا مہنگی ترین بجلی کو تبدیلی کہتے ہیں؟،کیا مہنگی گیس جو آتی نہیں اسے تبدیلی کہتے ہیں؟،ایل این جی کے 122 ارب کے ڈاکے کو تبدیلی کہتے ہیں؟،کیا آٹا چینی چوری کو تبدیلی کہتے ہیں؟ ۔
لیگی رہنما نے کہاکہ اسلام آباد میں کل 22 سال کے نوجوان کو پولیس نے سامنے سے گولیاں ماردیں، نوجوان تحریک انصاف کا ماننے والا تھا، جعلی وزیراعظم کو آواز اٹھانے کی جرات نہ ہوئی،ہم نوجوان کیلئے آواز اٹھارہے ہیں جسے سڑک پر شہید کردیا گیا، بلوچستان میں کوئلے کی کان میں کام کرنے والے شہید کردیے گئے۔
مریم نواز نے کہاکہ بار بار کہتا ہے فوج جانتی میں کرپٹ نہیں ہوں، تم2لاکھ تنخواہ لیتے ہوئے اور 3 سو کنال کا محل چلاتے ہو، محل میں درجنوں نوکر رکھے ہوئے ، یہ پیساکہاں سے آتا ہے، علیمہ باجی نے کروڑوں کا پیساوائٹ کرالیا، اور کہتا ہے فوج جانتی ہے کرپٹ نہیں ہوں،اربوں روپے کی بیرون ملک سے فنڈنگ ہوئی،لیکن تحقیقات کو آگے نہیں بڑھنے دیتا۔
لیگی رہنما نے کہا کہ کروڑوں روپے لوٹنے والوں کو نیب سے بچایا، ملک سے فرار کرایا،جھونپڑیاں گرادیں، بنی گالہ ریگولرائز کرالیا، لیکن فوج جانتی ہے میں کرپٹ نہیں ہوں،مالم جبہ کیس کھلنے نہیں دیتا، کہتا ہے فوج جانتی ہے میں کرپٹ نہیں ہوں، ایک اینٹ لگائے بغیرملک کے قرضے دوگنے کردیے لیکن فوج جانتی ہے میں کرپٹ نہیں، فوج بھی اب بولے گی تم نے بڑی ایمانداری سے کرپشن کی ہے،انہوں نے کہاکہ مان گیا رانا ثنا اللہ پر جھوٹا کیس بنایا،کہتا ہے کابینہ نے بنادیا،درخت کہاں لگے، کوئی نہیں جانتا، لیکن فوج جانتی ہے میں کرپٹ نہیں ہوں۔