حلقہ بندیوں کا معاملہ، حکومتی اتحادیوں کا اجلاس بے نتیجہ ختم

Jan 03, 2023 | 00:34:AM

(24 نیوز)سابق صدر آصف علی زرداری کی زیرصدارت حکومتی اتحادیوں کا اجلاس بے نتیجہ ختم ہو گیا،حلقہ بندیوں پر ایم کیو ایم کے تحفظات برقرار، کل شام جنرل ورکرز اجلاس طلب کر لیا ۔
تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری کی زیر صدارت بلاول ہاﺅس کراچی میں حکومتی اتحادیوں کا اجلاس ہوا، جس میں گورنر سندھ سمیت متحدہ کے وفد، مسلم لیگ ن کے رہنماﺅں، وزیراعلیٰ سندھ سمیت دیگر شریک ہوئے ۔
ایم کیو ایم نے کراچی بھر میں73 یونین کونسلز کی حلقہ بندیاں تبدیل کرنے کا مطالبہ رکھ دیا،ایم کیو ایم کی طرف سے خواجہ اظہاراور سابق میئر وسیم اختر نے ایم کیو ایم کا موقف پیش کیا، ایم کیو ایم کا موقف تھا کہ سندھ حکومت چاہے تو قانون سازی کے ذریعے حلقہ بندیوں میں تبدیلی ممکن ہے۔
سندھ حکومت نے کہاکہ الیکشن کمیشن کے قوانین کے مطابق الیکشن کا اعلان ہونے کے بعد حلقہ بندیوں میں تبدیلی ممکن نہیں،اس طرح ہوا تو صوبے بھرسے اعتراض ہونگے، صرف کراچی میں حلقہ بندیوں کی تبدیلی سے عدالتی کیسز کا سامنا کرنا پڑے گا۔
سندھ حکومت نے صارف انکار کرتے ہوئے کہاکہ بلدیاتی الیکشن کا شیڈول جاری ہوچکا ہے اب نئی حلقہ بندیاں نہیں ہوسکتی ،میرپورخاص سکھر لاڑکانہ اور شہید بینظیر آباد میں بلدیاتی الیکشن ہوچکے ہیں ،بلدیاتی ایکٹ میں کس طرح ترامیم کریں جب پہلے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات ہوچکے ہیں ،الیکشن کمیشن کے شیڈول کے تحت بلدیاتی الیکشن 15 جنوری کو ہونگے ،جب عدالت نے بلدیاتی الیکشن کرانے کا فیصلہ سنا دیا تو سندھ حکومت کس طرح جواب دے سکتی ہے ۔
ایم کیو ایم وفد نے کہاکہ جب اتحاد میں شامل کیا گیا تھا تو حلقہ بندیاں معاہدے میں شامل تھیں،اب معاہدے پر عملدرآمد کیا جائے،ہم نے مشکل وقت میں پیپلز پارٹی اور نواز لیگ کا ساتھ دیا،نئی حلقہ بندیوں کے بغیر بلدیاتی الیکشن کرنا ہمارے مینڈیٹ کے ساتھ زیادتی ہے۔
 سابق صدر آصف علی زرداری کی زیر صدارت کئی گھنٹے جاری رہنے والا حکومتی اتحادیوں کا اجلاس بے نتیجہ ختم ہو گیا،ایم کیو ایم کے رہنما گورنر کامران خان ٹیسوری کی سرکاری گاڑی میں بلاول ہاﺅس سے روانہ ہوئے، ایم کیو ایم پاکستان نے کل شام جنرل ورکرز اجلاس طلب کر لیا ، اجلاس میں کارکنوں کو تازہ صورتحال کے متعلق اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا گیاہے جس میں گورنر سندھ کی شرکت بھی متوقع ہے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی بلاول ہاﺅس سے روانہ ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں: میں کسی کے باپ سے بھی نہیں ڈرتی ، کبریٰ خان کا عادل راجہ کیخلاف قانونی چارہ جوئی کا اعلان

مزیدخبریں