الیکشن کمیشن نے عمران خان کے وارنٹ جاری کرنے کا عندیہ دیدیا

Jan 03, 2023 | 11:51:AM

(24 نیوز) الیکشن کمیشن نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے وارنٹ جاری کرنے کا عندیہ دے دیا۔

 الیکشن کمیشن میں عمران خان کے خلاف توہین کمیشن کی سماعت ہوئی۔ پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے وکیل علی بخاری الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اور موقف اپنایا کہ عمران خان کی صحت اجازت نہیں دیتی کہ وہ الیکشن کمیشن میں پیش ہوں، فواد چودھری کی والدہ شدید علیل، وہ ہسپتال میں ہیں، حاضری سے استثنیٰ دیا جائے، اسد عمر کی فلائٹ لیٹ ہو گئی جس پر وہ پیش نہیں ہو سکے۔

 الیکشن کمیشن نے کہا کہ چار ماہ ہوگئے ہیں وہ الیکشن کمیشن میں پیش نہیں ہو رہے، آپ عمران خان کا میڈیکل سرٹیفکیٹ الیکشن کمیشن میں جمع کرائیں، آپ شوکاز نوٹس کا جواب جمع کرائیں۔ وکیل علی بخاری نے کہا کہ جواب سینئر کونسلز جمع کرائے گی۔ وکیل انور منصور نے کہا کہ اگلی سماعت سے پہلے جواب جمع کرا دیں گے۔

الیکشن کمیشن نے کہا کہ اگلی سماعت پر پیش نہ ہوئے تو وارنٹ جاری کریں گے۔ ای سی پی نے سماعت 17 جنوری تک ملتوی کر دی۔

مزیدخبریں