(ویب ڈیسک )فیس بک دنیا کا مقبول ترین سوشل میڈیا نیٹ ورک ہے مگر اس کی موبائل ایپ پر چیٹ کے لیے میسنجر کا استعمال ضروری ہوتا ہے۔مگر 2023 اس حوالے سے فیس بک میں بہت بڑی تبدیلی کا سال ثابت ہونے والا ہے۔فیس بک دنیا کی پہلی سوشل میڈیا ایپ تھی جس میں ایپ کے اندر چیٹس کے آپشن کو ختم کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق 2014 میں فیس بک نے ایپ کے اندر چیٹنگ کے فیچر کو ختم کرکے چیٹس کے لیے ایک الگ ایپ میسنجر پیش کی۔یہ طریقہ کار کام بھی کرگیا اور واٹس ایپ کے بعد میسنجر کو دنیا کی دوسری بڑی میسجنگ ایپ تصور کیا جاتا ہے۔مگر اب میٹا نے فیس بک کے اندر چیٹنگ کے فیچر کو پھر واپس لانے کا فیصلہ کیا ہے۔سوشل میڈیا نیٹ ورکس کے نئے فیچرز کے بارے میں بتانے والے ٹوئٹر صارف Matt Navarra نے اس نئے چیٹ آپشن کا اسکرین شاٹ ٹوئٹ کیا۔
اس اسکرین شاٹ سے معلوم ہوتا ہے کہ فیس بک ایپ میں رائٹ سائیڈ پر swipe کرکے چیٹس تک رسائی ممکن ہوگی اور میسنجر ایپ کو اوپن کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
یہ نیا فیچر اس وقت محدود صارفین کو دستیاب ہے اور ممکنہ طو رپر آنے والے مہینوں میں تمام صارفین کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔یہ کہنے کی ضرورت نہیں کہ یہ صارفین کے لیے بہت اہم فیچر ہے کیونکہ وہ چیٹ اور میسجز کو فیس بک ایپ سے نکلے بغیر ہی دیکھ کر جواب دے سکیں گے۔اسی طرح فون کی اسٹوریج کو بھی فائدہ ہوگا کیونکہ میسنجر ایپ کی ضرورت باقی نہیں رہے گی۔