چین میں پایا جانیوالا نیا کورونا ویرینٹ پاکستان پہنچ گیا، ماہرین کی تصدیق

Jan 03, 2023 | 16:38:PM

(24 نیوز) چین میں پائے جانے والے کورونا کے نئے ایکس بی بی ویرینٹ کی پاکستان میں تصدیق ہوگئی۔

آغاخان یونیورسٹی کے ماہرین نے ایکس بی بی ویرینٹ کی تصدیق کی ہے۔

آغا خان یونیورسٹی حکام نے بتایا کہ جینوم سیکونسنگ سے ایکس بی بی ویرینٹ کی تصدیق کی گئی ہے، ابھی تک پاکستان میں بی ایف 7 ویرینٹ کی تصدیق نہیں ہوئی جو تیزی سے پھیلتا ہے۔

سابق وفاقی مشیر صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ غالب امکان ہے بی ایف 7 ویرینٹ بھی پاکستان پہنچ چکا ہے اور مجھے 100 فیصد یقین ہے کہ دونوں ویرینٹس پاکستان آچکے ہیں۔

ماہرین صحت کے مطابق پاکستان کو دونوں نئے ویرینٹس سے کوئی بڑا خطرہ نہیں، یہاں قوت مدافعت بہت بہتر ہے، پاکستان میں آج بھی 15 کورونا کیس کی تصدیق ہوئی ہے اور مثبت شرح صرف اعشاریہ 40 فیصد تھی۔

ماہرین صحت نے کہا کہ پاکستان میں کورونا سے چین جیسے حالات پیدا ہونے کا قطعاً کوئی امکان نہیں ہے۔

قومی ادارہ صحت کی پاکستان میں کورونا کا نیا ویرینٹ آنے کی تردید

دوسری جانب قومی ادارہ صحت نے پاکستان میں کورونا کے نئے ویرینٹ ایکس بی بی کی موجودگی کی تردید کردی۔

ترجمان این آئی ایچ کے مطابق کچھ علاقوں میں رپورٹ ہونے والا ایکس بی بی ویرینٹ پرانا ہے اور یہ اومی کرون ہے، ملک میں رپورٹ ہونے سے اب تک اومی کرون ویرینٹ کے 29 کیسز سامنے آئے ہیں۔

ترجمان این آئی ایچ نے بتایا کہ یہ کورونا کا بی ایف 7 ویرینٹ نہیں ہے جو ہمسایہ ممالک میں رپورٹ ہو رہا ہے، ملک میں بی ایف 7 ویرینٹ کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔

مزیدخبریں