اسلام آباد میں شدید دھند ، متعدد پروازیں تاخیر کا شکار
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) اسلام آباد میں شدید دھند کی باعث دیگر پروازوں کا شیڈول متاثر ہو گیا۔ 30 پروازیں منسوخ جبکہ متعدد تاخیر کا شکار ہو گئیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ پر روانگی اور آمد والی زیادہ تر پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں، رات سے اب تک تقریباً تمام پروازوں کو تاخیر کا سامنا رہا۔ شدید دھند کے باعث اسلام آباد کیلئے 9 ملکی اورغیرملکی پروازوں کو لاہور، پشاور، ملتان اور کراچی کے ائیرپورٹوں پر لینڈ کروایا گیا۔
پی آئی اے کے مطابق جدہ سے اسلام آباد آنے والی بین الاقوامی پرواز پی کے 842 کو کراچی میں لینڈ کروایا گیا جبکہ دبئی سے اسلام آباد کیلئے پرواز پی کے 234 کو منسوخ کردیا گیا۔
اسلام آباد سے گلگت جانے والی قومی پروازوں پی کے 601 ،602، 606 اور607 اور اسلام آباد سے کراچی کیلئے نجی ائیرلائن کی دیگر تین پروازوں کو بھی شدید دھند کے باعث منسوخ کردیا گیا۔
مزید پڑھیں: اب کچھ نہیں چھپےگا، تمام ائیرپورٹس پر جدید سکیننگ مشینیں نصب ہوں گی
ایئرپورٹ حکام کے مطابق اسلام آباد سے کوئٹہ روانگی کی پرواز پی کے 325 بھی تاخیر کا شکار ہوئی، کراچی سے لاہور، کراچی سے اسلام آباد، لاہور سے کراچی اور اسلام آباد سے کراچی کی پروازیں بھی تاخیر کا شکار ہوئیں، ایئرپورٹ پر دھند کی صورتحال بہتر ہونے پر پروازوں کا شیڈول بحال ہو جائے گا، مسافر ایئرپورٹ آمد سے قبل ہیلپ لائن سے پروازوں کی آمد اور روانگی کنفرم کریں۔