سڈنی ٹیسٹ: پہلی اننگ میں پاکستانی ٹیم 313 رنز بنا کر آؤٹ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) سڈنی ٹیسٹ کےپہلی اننگز میں پاکستان آسٹریلیا کیخلاف 313 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ۔
سڈنی میں کھیلے جارہے سیریز کے تیسرے میچ کی پہلی اننگز میں پاکستانی ٹیم نے اب تک کی تیز ترین ٹیسٹ بیٹنگ کرتے ہوئے 77.1 اوور میں 313 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ، پاکستان نے آسٹریلیا کیخلاف پہلی اننگز میں4.05 رن ریٹ کے حساب سے بیٹنگ کی ، پاکستان کی جانب سے سڈنی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں محمد رضوان نے 103 گیندوں پر 88، عامر جمال نے 97 گیندوں پر 82 اور سلمان علی آغا نے 67 گیندوں پر 53 رنز کی اننگز کھیلی۔
میچ کے آغاز کی بات کی جائے تو پاکستان کی بیٹنگ لائن ایک مرتبہ پھر ریت کی دیوار ثابت ہوئی، ڈیبیو کرنیوالے نوجوان بیٹر صائم ایوب اور عبداللہ شفیق بنا کھاتہ کھولے ہی پویلین لو ٹ گئے ،مڈل آرڈر بیٹر بابراعظم نے 26 اور سعود شکیل 5 رنز کے مہمان ثابت ہوئے جبکہ کپتان شان مسعود نے 35 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
چھٹی وکٹ کی شراکت میں محمد رضوان اور سلمان علی آغا نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا لیکن 190 کے مجموعے پر رضوان 88 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوگئے، سلمان آغا 53، ساجد خان 15 رنز بناکر وکٹ گنوا بیٹھے، نوجوان آل راؤنڈر عامر جمال نے 9ویں وکٹ پر 82 رنز سکور کیے۔
آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز نے 5، مچل اسٹارک نے 2 جبکہ جوش ہیزل ووڈ اور مچل مارش نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی سے بلے کا انتخابی نشان واپس لینے کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ
آسٹریلیا کا اسکواڈ؛ کپتان پیٹ کمنز، ڈیوڈ وارنر، عثمان خواجہ، اسٹیو اسمتھ، مارنس لبوشین، نیتھن لوئن، مچل مارش، لانس مورس، مچل اسٹارک، اسکاٹ بولینڈ، ایلکس کیری، کیمرون گرین، جوش ہیزل وڈ اور ٹریوس ہیڈ شامل ہیں۔
پاکستان کا اسکواڈ: کپتان شان مسعود، اوپنر صائم ایوب، عبداللہ شفیق، بابراعظم، سعود شکیل، محمد رضوان، سلمان علی آغا، ساجد خان، حسن علی، میر حمزہ اور عامر جمال شامل ہیں۔