(ویب ڈیسک)بھارت کی ریاست چھتیس گڑھ میں 19 سالہ سوشل میڈیا انفلوئنسر انکور ناتھ نے انسٹاگرام پرلائیو نشریات کے دوران خودکشی کا واقعہ پیش آیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اس واقعے کے وقت کم از کم 21 فالوورز آن لائن تھے، جو اس خوفناک منظر کے گواہ بنے، مگر بروقت مدد فراہم کرنے میں ناکام رہے۔
جب انکور نے لائیو اسٹریمنگ کے دوران خودکشی کی نیت کا اظہار کیا تو کچھ فالوورز نے فوری مداخلت کی کوشش کی اور چند مقامی افراد نواگڑھ میں اس کے گھر بھی پہنچے، جو رائے پور سے تقریباً 150 کلومیٹر دور ہے۔ تاہم، گھر کے دروازے کو اندر سے بند پایا گیا۔
لوگوں کے پہنچنے پر پڑوسیوں نے انکور کے کمرے کا دروازہ توڑا، جہاں وہ پھانسی پر لٹکی ہوئی تھی۔ فوری طور پر اسے قریبی صحت مرکز منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
ایک فالوور نے پولیس کو بتایا کہ وہ خود کو بے بس محسوس کر رہا تھا کیونکہ وہ انکور کو ذاتی طور پر نہیں جانتا تھا، اور اسے یہ نہیں معلوم تھا کہ کس طرح مدد کی جائے۔ ایک اور فالوور نے اسے فون کرنے کی کوشش کی، مگر رابطہ نہیں ہو سکا۔
انکور کے لواحقین نے بتایا کہ وہ سوشل میڈیا پر کافی سرگرم رہتی تھی اور اکثر ریلیز اور ویڈیوز پوسٹ کرتی تھی جو بڑی تعداد میں دیکھی جاتی تھیں۔ پولیس اس کی ذہنی حالت سمجھنے کے لیے اس کے موبائل فون کی جانچ کر رہی ہے، جس کی وجہ سے اس نے یہ بھیانک قدم اٹھایا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نوجوان انفلوئنسر محبت میں دل ٹوٹنے کی وجہ سے شدید افسردگی میں تھی،خیال ہے کہ یہ واقعہ اسی کا نتیجہ ہے۔
انکور کے والدین حیدرآباد میں کام کرتے ہیں، اور وہ نواگڑھ میں اپنی بڑی بہن کے ساتھ رہتی تھی، جو رائے پور سے تقریباً 150 کلومیٹر دور ہے۔