(24 نیوز)حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کے دوسرے دور کے بعد تحریک انصاف کو ایک اور بڑا ریلیف مل گیا ہے ۔ایسا لگ رہا ہے کہ جیسے تحریک انصاف کیلئے سیاسی گنجائش نکالی جارہی ہے ،پہلے سانحہ نو مئی کے 19 مجرمان کی سزا معاف ہوئی اور اب انسدادِ دہشتگردی عدالت نے پی ٹی آئی کی جانب سے 26 نومبر کے احتجاج پر درج 13 مقدمات میں 250 ملزمان کی درخواست ضمانتیں منظور کرتے ہوئے اِن کی رہائی کا حکم دے دیا ہے۔
پروگرام’10تک‘کے میزبان ریحان طارق نے کہا ہے کہ اب بہرحال یہ دو دن میں پی ٹی آئی کو ملنے والا دوسرا بڑا ریلیف ہے ۔پی ٹی آئی کے نو مئی اور 26 نومبر کے احتجاج کو ریاست سے بغاوت قرار دیا گیا۔لیکن اِس کے باوجود اِن کیسز میں پی ٹی آئی کارکنوں کی رہائی سے یہ تاثر مل رہا ہے کہ پی ٹی آئی کیلئے سیاسی راستہ بنایا جارہا ہے ۔گزشتہ روز مذاکرات کے دوسرے دور میں پی ٹی آئی نے حکومت کے سامنے غیر تحریری طور پر معاہدے رکھے جس کے جواب میں حکومت نے اُن سے تحریری طور پر مطالبات لکھ کر دینے کا کہا جس کے بعد ایسا لگ رہا تھا کہ مذاکرات کا دوسرا دور بھی بے نتیجہ نکلے گا ۔
ایسا محسوس ہورہا ہے کہ پس پردہ رابطوں کے نتیجے میں کوئی بریک تھرو ضرور ہورہا ہے ۔اور اِس بریک تھرو سے حکومت کافی افسردہ نظر آتی ہے ۔اب 26 نومبر میں جن ملزمان کو بری کیا گیا اُس پر وزیر اعظم شہباز شریف بیانیہ بنا رہے ہیں وہ کہتے ہیں کہ اسلام آباد پر جو یلغار ہوئی، سوشل میڈیا نے اس پر جھوٹ کا طوفان کھڑا کیا، رینجرز کے جوانوں کے بارے میں جھوٹی خبریں بنائی گئیں، وزیر اعظم نے جو گفتگو کی اور اُس کے جواب میں علی امین گنڈاپور نے کیا کاؤنٹر دلیل دی۔مزید دیکھئے اس ویڈیو میں