(24 نیوز)سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہاکہ پاکستان میں آزادی صحافت اور صحافیوں کیلئے سب سے آگے میں ہوتا ہوں، آزادی صحافت پر مکمل یقین رکھتے ہیں، اس پر قد غن لگانے والوں کے میں خلاف خود کھڑا ہوں گا،صحافی اور ارکان اسمبلی میرے لئے محترم اور قابل احترام ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے سیکرٹری جنرل پی ایف یو جے رانا عظیم اور صدر شہزاد حسین بٹ کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی،وفد میں صدر ایمرا آصف بٹ، مبشر بٹ، رانا عثمان، شاہد چودھری، فاروق جوہری، رانا مظہر شامل تھے، ملاقات میں سیکرٹری اسمبلی محمد خان بھٹی، سیکرٹری کوآرڈی نیشن رائے ممتاز صاحب بھی شریک ہوئے ،ملاقات میں پنجاب اسمبلی میں صحافیوں کے حوالے سے متنازعہ بل پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
چودھری پرویز الٰہی نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب اسمبلی میں صحافیوں کے حوالے سے بل سے صحافیوں کے خلاف شقیں اتفاق رائے سے ختم کر دی گئیں ۔انہوں نے کہاکہ رکن پنجاب اسمبلی ایوان سے باہر آکر میڈیا سے گفتگو کرے تو اس پر صحافی ہر قسم کا سوال کر سکتے ہیں ارکان اسمبلی کے حوالے سے سپیکر اسمبلی کے اختیارات برقرار رہیں گے۔
سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہاکہ صحافیوں کے حوالے سے ڈسپلنری کمیٹی تشکیل دے دی گئی کمیٹی کی سربراہی سپیکر پنجاب اسمبلی کریں گے جبکہ صحافیوں کے نمائندے بھی کمیٹی میں ہوں گے ۔انہوں نے کہاکہ پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت کے اندر صحافیوں کے داخلے کے مطالبے پر عمارت کے مکمل ہوتے ہی سب کو اجازت دے دی جائے گی ،ابھی پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت تکمیل کے مراحل میں ہے جس کے باعث مشکلات کا سامنا ہے۔
راناعظیم نے کہاکہ آپ کی صحافیوں کے لئے خدمات بھلائی نہیں جا سکتی،شہزادحسین بٹ نے کہاکہ آج پنجاب بھر کے صحافی اپنے گھروں میں آپ کی بدولت بیٹھے ہیں، آصف بٹ نے کہاکہ پوری صحافی برادری چودھری پرویزالٰہی کی خدمات کی معترف ہے،یقین ہے کہ آپ آزادی صحافت میں ہمیشہ کی طرح ہم سے آگے کھڑے ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پہاڑی پر لگائے واٹر بیسن پر کون کون سے جاندر پانی پینے آتے ہیں ۔۔ ویڈیو دیکھ کر آپ حیران رہ جائینگے