حکومت نے عوام کو بڑی ''خوشخبری'' سنا دی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے واضح کیا ہے کہ یکم جولائی 2022 سے پہلے جاری ہونے والی انٹرنیشنل ایئر ٹکٹس پر نئی فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کا اطلاق نہیں ہوگا۔
ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان انٹرنیشنل ہوائی ٹکٹوں پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کا نفاذ نہیں ہوگا جو یکم جولائی 2022 سے پہلے جاری کی گئی ہیں۔
فنانس بل 2022 کے تحت کلب، بزنس اور فرسٹ کلاس انٹرنیشنل ہوائی ٹکٹوں پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی دس ہزار سے بڑھا کر پچاس ہزار روپے کر دی گئی ہے۔ فیڈرل ایکسائز رولز 2005 کے رول 41A کے سب سیکشن 8 کے تحت فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی انٹرنیشنل ہوائی ٹکٹ کے اجرا کے وقت ہی وصول کی جائے گی۔
واضح رہے کہ فیڈرل ایکسائز ایکٹ 2005 کے سیکشن تھری کے تحت کلب، بزنس اور فرسٹ کلاس انٹرنیشنل ہوائی ٹکٹوں پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی وصول کی جاتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی وصولی پر وزیراعظم برہم، بڑا حکم دے دیا
یاد رہے وزیراعظم شہباز شریف نے ایئرپورٹ پر مسافروں سے 50 ہزار تک فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی (ایف ای ڈی) کی وصولی کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے حکم نامہ فوری طور پر معطل کرنے کا حکم جاری کیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ہوائی اڈوں پر مسافروں سے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی وصولی کی شکایات پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہوائی اڈوں پر مسافروں کو تنگ کرنے کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے۔
وزیراعظم نے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی وصولی کی تحقیقات کرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ کابینہ کی منظوری کے بغیر ’ایف ای ڈی‘ کی وصولی کیسے اور کیوں ہوئی؟۔
وزیر اعظم نے کہاہے کہ فی الفور تحقیقات کرائی جائیں اور ذمہ داروں کے خلاف قانون کے تحت سخت کارروائی کی جائے، جن لوگوں کی وجہ سے مسافروں کو اذیت کا سامنا کرنا پڑا انہیں عہدوں پر رہنے کا حق نہیں، جن مسافروں سے ایف ای ڈی وصول کی گئی ہے انہیں رقوم واپس کی جائیں۔
وزیراعظم نے اپنے احکامات پر فوری عمل درآمد اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی رپورٹ طلب کی۔