اسلام آباد ایئر پورٹ پر منشیات اسمگلنگ کا انوکھا طریقہ ملزم گرفتار
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک )اسلام آباد اے این ایف کے عملے نے اسلام آباد ائیرپورٹ پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے تین بین الاقوامی اسمگلروں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس کی ٹیم نے بیرون ملک منشیات اسمگلنگ کا نیٹ ورک چلانے والے 3ملزمان کو اسلام آباد ایئر پورٹ سے حراست میں لیا ہے۔اس حوالے سے ترجمان اےاین ایف کا کہنا ہے کہ ایئر پورٹ کے داخلی راستے پر دوران تلاشی جارج نامی ملزم سے2 کلو600گرام ہیروئن برآمد ہوئی تھی۔ترجمان کے مطابق ملزم نے ہیروئن مہارت سے ٹرالی بیگ میں چھپا رکھی تھی، ملزم کی نشاندہی پر مزید2 ملزمان الیاس اور رضوان سہیل بھی گرفتارکیے گئے۔
دوران تفتیش ملزمان نے ماضی میں بھی بیرون ملک منشیات اسمگلنگ کا اعتراف کرلیا، ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔
اس کے علاوہ اے این ایف انٹیلی جنس کی ٹیم نے اسلام آباد ایئر پورٹ پر دوسری کارروائی کی جس میں کوریئر آفس کے ذریعے ہیروئن اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔تفصیلات بیان کرتے ہوئے ترجمان نے بتایا کہ برطانیہ بھیجے جانے والے پارسل سے 2 کلو 770 گرام ہیروئن برآمد ہوئی ہے۔
ترجمان اےاین ایف کا کہنا ہے کہ ہیروئن 20 لیڈیز سوٹ میں مہارت سے چھپائی گئی تھی، پارسل سیالکوٹ کے رہائشی لیاقت علی کی جانب سے بک کرایا گیا تھا۔مذکورہ پارسل برطانیہ میں مقیم طارق محمود نامی شخص کو موصول ہونا تھا، پارسل کو قبضے میں لے کر مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔