وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی جاپانی ہم منصب سے ملاقات 

Jul 03, 2023 | 10:28:AM

(ویب ڈیسک) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی ٹوکیو میں اپنے جاپانی ہم منصب یوشی ماسا ہایاشی سے ملاقات ہوئی۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پاکستان اور جاپان کے پاس مختلف شعبوں میں دوطرفہ تجارت بڑھانے کی صلاحیت موجود ہے۔ جاپان کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں میں تعاون چاہتے ہیں.

ملاقات کے بعد جاپانی ہم منصب کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان اور جاپان میں دیرینہ تعلقات ہیں، دونوں ممالک مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں۔      

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان جاپان کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، پاکستان جاپان کے ساتھ آئی ٹی، سولر انرجی، زراعت ،تجارت اور دیگر شعبوں میں تعلقات کے فروغ کا خواہاں ہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پربات چیت ہوئی، تجارت، سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں میں تعاون چاہتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں جاپانی زبان سکھانے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں، جاپانی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں جبکہ جاپانی ہم منصب کو دورہ پاکستان کی  بھی دعوت دی۔

مزید پڑھیں: وفاقی کابینہ کا اجلاس آج طلب، 9 نکاتی ایجنڈے پر غور ہوگا

اس سے قبل بلاول بھٹو نے جاپان کے کاروباری افراد سے ملاقات کی، اس دوران دوطرفہ تجارتی تعلقات اور کاروباری مواقعوں پر گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور جاپان کے پاس باہمی فائدے کیلئے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تجارت بڑھانے کی صلاحیت موجود ہے۔

مزیدخبریں