شدید بارشیں برسانے والا نیا سسٹم آج رات سے ملک میں داخل
Stay tuned with 24 News HD Android App
(علی رامے) شدید بارش برسانے والا نیا سسٹم آج رات سے 8 جولائی کے دوران ملک میں داخل ہوگا، جس سے کئی شہروں میں بادلوں کے موسلا دھار برسنے کا امکان ہے۔
لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، سرگودھا، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ اور گجرات میں شدید بارش، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ علاوہ ازیں ملتان ، ساہیوال ، بہاولپور ،کوٹ ادو، ، بہاولنگر اور اوکاڑہ میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بادل برسنے کی توقع ہے۔
حکام نے امکان ظاہر کیا ہے کہ نئے سسٹم کے ملک میں داخل ہونے کے بعد بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری ہو سکتی ہے۔ 5 سے 8 جولائی کے دوران ڈی جی خان، راجن پور ، بھکر اور لیہ میں بارش کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ ملتان، ساہیوال، بہاولپور ،کوٹ ادو، بہاولنگر اور اوکاڑہ میں بھی تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ شدید بارش برسنے کی توقع ہے۔
قدرتی آفات سے نمٹنے کے صوبائی ادارے پی ڈی ایم اے کے مطابق موسلادھار بارش کے باعث 6 جولائی سے ڈی جی خان ڈویژن کے پہاڑی علاقوں میں سیلاب کا خدشہ ہے۔ 4 سے 7 جولائی کے دوران لاہور ، اسلام آباد، راولپنڈی اور گوجرانوالہ کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کے بھی خدشات ہیں۔ اسی دوران مری میں لینڈ سلائیڈنگ کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں: محکمہ موسمیا ت کی ملک بھر میں آج سے مون سون بارشوں کی پیش گوئی
ادارے کی جانب سے مسافروں کو سفر سے قبل موسمی صورت حال کو پیش نظر رکھتے ہوئے حفاظتی انتظامات کے ساتھ متعلقہ ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں پی ڈی ایم اے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ و متعلقہ ادارے شدید بارشوں اور اس کے بعد کی صورت حال سے نمٹنے کے لیے اپنے انتظامات مکمل رکھیں۔ نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی یقینی بنانے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران قریشی کے مطابق صوبائی کنٹرول روم سمیت پنجاب بھر کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹرز مکمل فعال ہیں۔ صوبائی کنٹرول رومز سے تمام تر صورتحال کی مانیٹرنگ جاری ہے۔