چیئرمین پی سی بی کے انتخابات روکنے کا حکم واپس لے لیا گیا

Jul 03, 2023 | 17:11:PM

(ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کے انتخابات روکنے کا حکم امتناع واپس لے لیا۔ عدالت نے کیس جسٹس شاہد کریم کی عدالت میں مقرر کرنے کی سفارش بھی کردی۔

جسٹس انوار حسین نے چئیرمین پی سی بی کے انتخابات روکنے کے مقدمے کی سماعت کی۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اسی طرز کی درخواستیں جسٹس شاہد کریم کے پاس زیرِ سماعت ہیں، اس درخواست کو بھی ان کے پاس سماعت کیلئے بھجوا دیا جائے۔

سرکاری وکیل نے استدعا کی کہ جسٹس شاہد کریم نے اس قسم کی درخواست پر حکم امتناعی جاری نہیں کیا، حکم امتناعی کو واپس لیا جائے۔

یہ بھی پڑھیے: ایشیاء کپ شیڈول کا اعلان تاخیر کا شکار

درخواست گزار ملک ذوالفقار کی وکیل ندا کفیل نے دلائل دیتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ مینجمنٹ کمیٹی کی منظوری سے بنائے بورڈ آف گورنرز کو پی سی بی الیکشن کمشنر نے عہدوں سے ہٹا دیا، پی سی بی الیکشن کمشنر نے غیرآئینی اقدام کرتے ہوئے بورڈ آف گورنرز کے نوٹیفیکیشن کو کالعدم قرار دیا، پی سی بی کے الیکشن کمشنر نے غیرقانونی اقدام کرتے ہوئے نیابورڈ آف گورنرز تشکیل دیا۔

انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ پی سی بی الیکشن کمشنر کا ازخود نیا بورڈ آف گورنرز تشکیل دینے کا اقدام غیرآئینی قرار دیا جائے اور عدالتی فیصلےآنے تک پی سی بی انتخابات روکنے کا حکم دیا جائے۔

مزیدخبریں