پنجاب کابینہ نے بے گھر  سرکاری ملازمین کی رہائش کیلئے نئے جی او آر تعمیرکرنے کی منظوری دے دی

Jul 03, 2023 | 17:49:PM
پنجاب کابینہ نے بے گھر  سرکاری ملازمین کی رہائش کیلئے نئے جی او آر تعمیرکرنے کی منظوری دے دی
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(علی رامے) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 19 واں اجلاس ہوا جس میں عید الاضحیٰ کے موقع پر لاہور سمیت صوبہ بھر میں بہترین صفائی کے انتظامات کرنے پر حکام کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا، صوبائی وزراء،مشیران، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں عیدالاضحی پر لاہور سمیت پنجاب بھر میں صفائی کے بہترین انتظامات پر صوبائی وزراء، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، سالڈ ویسٹ کمپنیوں کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔  پنجاب کابینہ نے صفائی کے شاندار انتظامات پر متعلقہ حکام کی کارکردگی کو بھی  سراہا۔

یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف سے معاہدہ، بجلی مزید مہنگی ہونے کا امکان

صوبائی کابینہ نے پنجاب کے بے گھر  سرکاری ملازمین کی رہائش کے مسائل کے حل کے لئے نئے جی او آر تعمیرکرنے، لاہور رنگ روڈ کے ایس ایل تھری پراجیکٹ اورنیازی چوک سے بابو صابو تک ایلی ویٹڈ پراجیکٹ کو سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے، داتا دربار کے توسیعی منصوبے کے تحت عالمی معیار کے مطابق لنگر خانہ تعمیر کرنے، زائرین کے لئے سہولتوں میں اضافہ کرنے، پبلک پراسیکیوٹرز کی ٹریننگ کے لئے سنٹر فار پروفیشنل ڈویلپمنٹ آف پبلک پراسیکیوٹرز کے لئے پنجاب گورنمنٹ رولز آف بزنس 2011 میں ترمیم کرنے کی منظوری دے دی گئی۔

علاوہ ازیں اجلاس میں کابینہ نے محکمہ لوکل گورنمنٹ اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے درمیان ”آپ کی بلدیہ، ہیلپ لائن 1198“ کے حوالے سے معاہدے پر دستخط کرنے، ضلع بہاولپور کی تحصیل احمد پور شرقیہ میں جاں بحق بچوں کے لواحقین او رمتاثرہ بچوں کیلئے مالی امداد مہیا کرنے، ملتان میں نشتر انسٹی ٹیوٹ آف آپتھالمولوجی اینڈ الائیڈ ویژن سائنسز کا قیام، سرکاری کالجز میں پرنسپلز کی تعیناتی کیلئے نظرثانی شدہ طریقہ کار اختیار کرنے، پنجاب حکومت کے اکاؤنٹس برائے مالی سال 2022-23 کی آڈٹ رپورٹ، اوکاڑہ آرٹس کونسل کا انتظام لاہور آرٹس کونسل سے واپس لے کر پنجاب آرٹس کونسل کے سپرد کرنے اور موٹر وہیکل رجسٹریشن دستاویزات/فائلز کی سکینگ کے حوالے سے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ میں معاہدے کے مسودے کی منظوری دے دی۔

یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف معاہدہ ملکی معیشت کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگا، ایف پی سی سی آئی

اجلاس میں پنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں کے ایم ایس کو مالی خود مختار ی دینے کا فیصلہ کیا گیا جس کے تحت ایم ایس 10ملین روپے تک کے اخراجات خود کر سکیں گے اور فنانشنل پاورز کو ایم ایس تک تفویض کرنے کے فیصلے کی بھی منظوری دے دی گئی۔

وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے توسیعی منصوبے کیلئے ایکوائرکی جانے والی اراضی کے مالکان کو مارکیٹ ریٹ پر ادائیگیوں کی ہدایت جاری کرتےہوئے صوبے کے سرکاری ملازمین کیلئے رہائشی کالونی کی تعمیر کرنے کیلئے فوری اقدامات کرنے کا بھی حکم دے دیا۔