(ویب ڈیسک) سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک نے ہفتے کو اپنی ایک پوسٹ میں کہا ہے کہ ٹوئٹر نے ڈیٹا کے حصول اور سسٹم کے ساتھ چھیڑ چھاڑ سے نمٹنے کیلئے پڑھنے کے حوالے سے پوسٹس کو عارضی طور پر محدود کردیا ہے۔
ہفتے کو ہزاروں لوگوں نے ٹوئٹر تک رسائی نہ ہونے کی شکایت کی تھی۔ ایسا مسک کے اعلان کے بعد سامنے آیا کہ تصدیق شدہ اکاؤنٹس اب عارضی طور پر روزانہ چھ ہزار پوسٹس پڑھنے تک محدود کر دیے گئے ہیں۔
غیر تصدیق شدہ اکاؤنٹس چھ سو پوسٹ تک محدود ہوں گے اور نئے غیرتصدیق شدہ اکاؤنٹس تین سو تک پوسٹ پڑھ سکیں گے۔
بعد ازاں انہوں نے کہا کہ حد میں اضافے کے بعد جلد ہی تصدیق شدہ اکاؤنٹس آٹھ ہزار، غیر تصدیق شدہ اکاؤنٹس آٹھ سواور نئے غیرتصدیق شدہ کیلئے چار سو پوسٹ پڑھ سکیں گے۔
یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب ٹوئٹر نے جمعے کو اعلان کیا کہ اب ٹویٹس دیکھنے کیلئے صارفین کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اکاؤنٹ کی ضرورت ہوگی۔ مسک نے اس عمل کو ’عارضی ہنگامی اقدام‘ قرار دیا۔
مسک نے ہفتے کو ٹویٹ کیا کہ ’ڈیٹا لینے اور سسٹم کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی انتہائی سطحوں سے نمٹنے کیلئے ہم نے درج ذیل عارضی حدود کو لاگو کیا ہے۔ تصدیق شدہ اکاؤنٹس روزانہ چھ ہزار، غیر تصدیق شدہ اکاؤنٹس چھ سو پوسٹ اور نئے غیرتصدیق شدہ اکاؤنٹس تین سو پڑھنے تک محدود ہوں گے۔‘
مسک کے اعلان کے بعد ہیش ٹیگ ’ریسٹ ان پیس ٹوئٹر‘ سمیت ’ٹوئٹر ڈاؤن‘ اور ’سپیس کیرن‘ بھی ٹرینڈ کرتا رہا۔
مسک نے بعد میں اپنی ٹویٹ میں کہا کہ ’حد کے بارے میں تمام پوسٹیں کو پڑھنے کی وجہ سے حد کے مسئلے کا سامنا کرنا پڑا۔‘
یہ مسائل پہلی بار ہفتہ کو دوپہر کے قریب رپورٹ ہوئے لیکن ویب سائٹوں پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ’ڈاؤن ڈیٹیکٹر‘ کے مطابق شام چھ بجے تک سائٹ کے بارے میں ہزاروں رپورٹس موجود تھیں۔