(24نیوز)پشاور کے علاقے بڈھ بیر بالو خیل میں 8افراد کے قتل کے دل خراش واقعہ میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے،25 جون کو ہونے والا واقعہ میں ملوث 3 نامزد ملزموں کو نوشہرہ سے گرفتار کرلیا گیا۔
ملزمان اور مقتولین آپس میں قریبی رشتہ ہیں جو جائیداد اور رقم کا تنازعہ تھا، گرفتار ملزموں میں روح اللہ ، فرمان اللہ اور صبعت اللہ شامل ہیں جو کہ باپ بیٹے ہیں، ملزموں سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے.
سی سی پی او پشاور قاسم علی خان نے سختی سے نوٹس لیتے ہوئے سپیشل 4 ٹیمیں تشکیل دی تھی، ایس ایس پی آپریشنز کاشف ذوالفقار اور ایس ایس پی انوسٹی گیشن سجاد احمد صاحبزادہ کی نگرانی میں جے آئی ٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔
ایس پی صدر ڈویژن محمد زمان خان کا کہنا ہے کہ ہیومن انٹلی جنس بنیادوں پر درہ آدم خیل ، باڑہ ، معروف خیل ، نوشہرہ اور مختلف علاقوں میں خصوصی انفارمیشن پر چھاپہ زنی کی گئی، نامزد دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے دن رات کوشش جاری ہے،ٹیکنیکل ریسورسز نہیں تھے جس کی وجہ سے ملزموں تک رسائی میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا ۔