شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس، وزیراعظم شہباز شریف قازقستان پہنچ گئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)وزیراعظم شہباز شریف شنگھائی تعاون تنظیم میں شرکت کیلئے تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے سے قازقستان کے دارالحکومت آستانہ پہنچ گئے۔
وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف 3 اور 4 جولائی 2024 کو آستانہ میں شنگھائی تعاون تنظیم کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ (سی ایچ ایس) کے اجلاس اور ایس سی او پلس کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے،نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور کابینہ کے دیگر سینئر ارکان اور اعلیٰ سرکاری افسران بھی ان کے ہمراہ ہیں۔
شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہوں کی کونسل کے اجلاس میں وزیر اعظم اہم علاقائی اور عالمی مسائل پر پاکستان کا نقطہ نظر پیش کریں گے، شہباز شریف ایس سی او پلس سمٹ سے بھی خطاب کریں گے۔
رپورٹ کے مطابق وزیراعظم اہم علاقائی اور عالمی مسائل پر پاکستان کے مؤقف سے آگاہ کریں گے، وزیراعظم ایس سی او خطے کے لوگوں کی فلاح و بہبود کے حوالے سے شنگھائی تعاون تنظیم تنظیم کی اہمیت کو اجاگر کریں گے،وزیراعظم سربراہی اجلاس کے موقع پر شریک رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔
آج وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی روسی صدر ولادیمیر پوٹن، ازبکستان کے صدر شوکت مرزا یوف سے ملاقاتیں متوقع ہیں، ملاقات میں پاک روس تعلقات پر بھی بات چیت ہوگی،اس کے علاوہ پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان کے مابین سہ فریقی بات چیت کا دور کا دور ہو گا، جس میں وزیراعظم کی شرکت بھی متوقع ہے۔
وزیراعظم آج شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے سربراہان کے اعزاز میں قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکائیوف کی جانب سے دیئے جانے والے عشائیے میں بھی شرکت کریں گے۔