آذربائیجان کے صدر آئندہ ہفتے پاکستان کا دو روزہ سرکاری دورہ کریں گے

Jul 03, 2024 | 15:28:PM
 آذربائیجان کے صدر آئندہ ہفتے پاکستان کا دو روزہ سرکاری دورہ کریں گے
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) آذربائیجان کے صدر الہام علیئوو آئندہ ہفتے پاکستان کا دو روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق آذربائیجان کے صدر رواں ماہ کی 11 اور 12 تاریخ کو  ایک اعلیٰ سطح  کےوفد  کے ہمراہ پاکستان کا دورہ کریں گے۔

آذربائیجان کے صدر کو دورے کی دعوت وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے دورہ باکو کے دوران دی تھی، دورے کے دوران صدر الہام علیئوو اپنے ہم منصب آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق دونوں ممالک کے مابین متعدد مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط متوقع ہیں، آذربائیجان کے صدر کے دورے کے حوالے سے معاملات کو حتمی شکل دینے کے لیے آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہوں بیراموو نے مئی میں دورہ پاکستان کیا تھا۔

اس دورے میں متوقع مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں کو حتمی شکل دینے کے لیے آذربائیجان کے نائب وزیر خارجہ پاکستان میں موجود ہیں، سمیر شریفوو کل وطن واپس روانہ ہوں گے۔

دونوں ممالک میں باہمی ترجیحی تجارت کے معاہدے کے حوالے سے خاصی پیش رفت ہو چکی ہے، سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ جلد ہی پاکستان آذربائیجان ترجیحی تجارت کے معاہدے پر دستخط متوقع ہیں، دونوں ممالک میں ترجیحی تجارتی معاہدے، بزنس ٹو بزنس، عوامی سطح کے روابط، سیاحت، آئی ٹی، تجارت اور سرمایہ کاری پر بات چیت ہوگی۔

صدر الہام علیئوو کے دورہ پاکستان میں مختلف وزارتوں کی جانب سے آذربائیجان کو 2 سے 3 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کے مواقع پر پیشکش کی جائے گی، گزشتہ برس 55 ہزار پاکستانیوں نے آذربائیجان کا دورہ کیا تھا، دونوں ممالک میں سیاحت کے فروغ پر بھی دستیاب مواقع اور وسائل میں بہتری پر کام جاری ہے۔