(24نیوز )وزیر اعظم شہبازشریف نے روسی صدر ولاد یمیر پیوٹن سے ملاقات کی، دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات کے دوران شہباز شریف نے روسی صدر ولاد یمیر پیوٹن کو دوبارہ منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔وزیر اعظم شہباز شریف کا دوران ملاقات گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان روس کے دیرینہ اور کاروباری تعلقات ہیں ،آپ سے ملاقات کرکے اچھا لگا، ہمیں مستقبل میں تعلق کو مزیدمضبوط بنانا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہم روس کو چمڑے اور کپڑے کی مصنوعات برآمد کرتے ہیں،ہمیں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی روابط کو بھی مزید فروغ دینا ہے۔روس کے ساتھ تجارت کو ایک ارب ڈالر تک لے جانا چاہتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران روسی صدر کا کہنا تھا کہ آپ سے دوبارہ مل کر بہت خوشی ہو رہی ہے ،دو سال پہلے ہم شنگھائی تعاون تنظیم کے ہی اجلاس کے موقع پر سمر قند میں ملے تھے، ہم نے دو طرفہ امور کو آگے بڑھانے پر بات چیت کی تھی۔پاکستان اور روس کے درمیان بہترین تعلقات ہیں۔
ضرورپڑھیں: سموگ سے جان چھڑوانے کیلئے اقدامات مزید تیز , فضا کو صاف بنائیں گے: مریم نواز
روسی صدر نے مزید کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی روابط کی بدولت دو طرفہ تعلقات میں مزید بہتری آئی ہے ،توانائی اور زراعت کے شعبوں میں ہم اپنے تعاون کو بڑھا سکتے ہیں۔غذائی تحفظ کے شعبے میں بھی پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھائیں گے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم آستانا میں ایس سی او پلس کے سربراہی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے جہاں وہ کونسل کے اجلاس میں علاقائی اورعالمی مسائل پرپاکستان کا نکتہ نظر پیش کریں گے، شہباز شریف ایس سی او پلس سمٹ سے خطاب کریں گے۔
وزیراعظم شہبازشریف سربراہی اجلاس کے موقع پر اس میں شریک رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کریں گے جب کہ وزیراعظم کی آج ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف سے بھی ملاقات متوقع ہے۔
اس کے علاوہ آج پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان کے مابین سہ فریقی بات چیت کا دور ہو گا جس میں وزیراعظم شہباز شریف شریک ہوں گے جبکہ آج قازقستان کے صدر کے عشائیے میں بھی شرکت کریں گے۔