کورونا نے روزگار تباہ کردیئے۔۔بحالی کی فی الحال امید بھی نہیں۔۔اقوام متحدہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)محنت کشوں سے متعلق اقوام متحدہ کے ادارے انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن(آئی ایل او)نے کہاہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے دوران ختم ہو جانے والے روز گار کی وجہ سے پچھلے پانچ برسوں کی پیش رفت تباہ ہو گئی اور اس صورت حال میں کسی بہتری کی فوری توقع بھی نہیں ہے۔
یہ انکشاف اقوام متحدہ نے اپنی تازہ رپورٹ میں کیا،مزدوروں سے متعلق اقوام متحدہ کے ادارے کا کہنا تھا کہ اگر کورونا وائرس کی عالمی وبا کا یہ حملہ نہ ہوا ہوتا تو اس دوران تین کروڑ مزید روزگار کے مواقع پیدا ہوئے ہوتے۔ لیکن اس کے برعکس ہوا یہ ہے کہ بہت سے چھوٹے کاروباری اب تک یا تو دیوالیہ ہو چکے ہیں یا پھر انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
آئی ایل او کے ڈائریکٹر گائے رائیڈر نے بات چیت میں روزگار پر پڑنے والے وبا کے اثرات کے بارے میں کہا کہ اس کی تلافی اتنی آسان نہیں ہو گی۔ان کا کہنا تھاکہ موجودہ رفتار کے مطابق، جب بہتری آنی شروع ہو گی تو اس میں ایک بڑا خطرہ یہ لاحق ہے کہ ہمارے کام کی دنیا زیادہ غیر مساوی ہو سکتی ہے، کیونکہ ہم مضبوط آمدنی اور اعلی آمدن والے ممالک اور اعلی ہنر مند ملازمین کے لیے تو کافی اچھے امکانات دیکھ رہے ہیں، لیکن اس کے برعکس ایک اور طبقہ اس پیمانے کے بالکل دوسرے سرے پر ہے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق محنت کشوں سے متعلق اقوام متحدہ کے ادارے انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن(آئی ایل او)نے اپنی نئی رپورٹ شائع کی ، اس کے مطابق عالمی سطح پر روزگار کے مواقع میں جلد اضافے کے امکانات کم ہیں اور 2023 سے پہلے کورونا وبا سے پہلے جیسی صورت حال بحال نہیں ہو سکے گی۔
عالمی سطح پر روزگار کی صورت حال سے متعلق دی ورلڈ امپلائمنٹ اینڈ سوشل آﺅٹ لوک رپورٹ 2021 میں کہا گیا ہے کہ رواں برس کم از کم 22 کروڑ افراد کے بے روزگار رہنے کی توقع ہے۔ تاہم اگلے برس حالات کے ذرا بہتر ہونے کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔کورونا کی عالمی وبا کی وجہ سے بین الاقوامی لیبر مارکیٹ پر بہت برا اثر پڑا ہے اور رپورٹ کے مطابق اس میں بہتری آنے کی رفتار بھی سست رہے گی اس لیے 2022 میں بھی تقریبا ساڑھے بیس کروڑ افرادکے بے روزگار رہنے کی توقع ہے۔
2019 میں یہ تعداد پونے انیس کروڑ کے آس پاس تھی۔اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کورونا وبا کے دوران جو، ''نقصان ہوا ہے اس کو پورا کرنے کے لیے روزگار میں اضافہ سن 2023 سے پہلے تک نا کافی رہے گا۔بڑے پیمانے پر ملازمتوں کے ختم ہونے اور بے روز گاری کے بڑھنے سے عالمی عدم مساوات پر تباہ کن اثرات مرتب ہوئے ہیں اور اس کا سب سے زیادہ اثر خواتین، نوجوانوں اور غیر رسمی شعبوں میں کام کرنے والوں پر پڑا ہے۔ آئی ایل او کی اس تازہ رپورٹ کے مطابق سن 2019 کے بعد سے اب تک پونے دو کروڑ سے بھی زیادہ افراد غربت میں مبتلا ہوئے جس میں سے ایک بڑی تعداد ان کی ہے جو خط افلاس سے بھی نیچے پہنچ گئے ہیں۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ غربت کے خاتمے کے لیے ہونے والی کوششوں کے نتیجے میں گزشتہ پانچ برسوں کے دوران جو پیش رفت حاصل کی گئی تھی وہ اس وبا کی وجہ سے ضائع ہو گئی ہے۔کورونا کی عالمی وبا کے دور میں ملازمت کے مواقع میں کمی، کام کاج کے محدود اوقات، اجرتوں میں کٹوتی اور دیگر کئی وجوہات کی بنا پر دنیا بھر میں اضافی دس کروڑ افراد غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں۔خو بصورتی کیسے ملی ۔۔ٹک ٹاک سٹارجنت مرزا نے بھید کھو ل دیا