(ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں آئینی و قانونی طریقے سے حکومت کی تبدیلی عمل میں لائی گئی۔ انہوں نے عندیہ دیا ہے کہ اگلے عام انتخابات اگست یا ستمبر 2023 میں اپنے مقررہ وقت (یعنی 15 ماہ بعد) پر ہوں گے
ترک نشریاتی ادارے ٹی آر ٹی کو دیئے انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ ان کی حکومت نے مشکل حالات اور چیلنجز کا سامنا کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور ان کے حل کے لیے وسائل پیدا کیے جائیں گے، دوست ممالک کی مدد حاصل کی جائے گی اور ملک میں تعمیر نو کی جائے گی تاکہ غربت میں کمی لائی جاسکے۔
یہ بھی پڑھیں:حکومت نے پٹرول کی قیمت میں پھر اضافہ کردیا
جب ان سے پوچھا گیا کہ ان کے پاس صرف 15 ماہ ہیں تو اس دوران وہ کیسے یہ مقاصد حاصل کریں گے تو ان کا جواب تھا کہ ’ہم قلیل مدتی اقدامات کی طرف جائیں گے۔ اگر ہماری (اقتدار میں) واپسی ہوئی تو ہم مکمل قوت سے ترقی، خوشحالی اور امن کے ایجنڈے پر کام کریں گے۔‘
وہ کہتے ہیں کہ ملک میں تیل و گیس کی قیمتیں بڑھائی گئی ہیں کیونکہ عالمی سطح پر یہ مہنگی ہوئی ہیں۔ ’دوسری طرف ہم غربت کی لکیر سے نیچے آبادی کو سبسڈی دے رہے ہیں۔‘
خیال رہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان نے پیٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف نمازِ جمعہ کے بعد 'پُرامن احتجاج' کی کال دے رکھی ہے۔ ملک میں آج سے پیٹرول کی نئی قیمت قریب 210 روپے فی لیٹر ہے۔