(ویب ڈیسک )گینگسٹر لارنس بشنوئی نے پولیس کو دیے گئے بیان میں کہا کہ اُن کے گینگ ممبر نے پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کو قتل کروایا۔
تفصیلات کے مطابق گینگسٹر لارنس بشنوئی نے سدھو موسے والا کے قتل کا اعتراف کرتے ہوئے دہلی پولیس سے کہا کہ ’ہاں! میرے گینگ کے رکن نے سدھو موسے والا کو مارا۔‘گینگسٹر لارنس بشنوئی نے کہا کہ وکی مڈوکھیرا اُن کا بڑا بھائی تھا اور اُن کے گینگ نے وکی کی موت کا بدلہ لیا۔ اگرچہ لارنس بشنوئی نے اعتراف کیا کہ اُن کا گینگ پنجابی گلوکار کے قتل میں ملوث تھا لیکن اُنہوں نے خود کو اس واقعے سے الگ کر لیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ میرا کام نہیں ہے، میں جیل میں تھا اور اپنا فون بھی استعمال نہیں کر رہا تھا۔
گینگسٹر لارنس بشنوئی نے کہا کہ وہ تہاڑ جیل میں تھے اور انہیں ٹی وی پر نشر ہونے والی خبروں سے سدھو موسے والا کے قتل کا علم ہوا۔واضح رہے کہ لارنس بشنوئی گینگ کا نام سدھو موسے والا کے قتل کے سلسلے میں سامنے آیا، پنجابی گلوکار کو اتوار 29 مئی کو ضلع مانسا میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا،سدھو موسے والا کے قتل کے ایک دن بعد لارنس بشنوئی نے اپنے وکیل کے ذریعے سیکیورٹی بڑھانے کی درخواست کی۔