40 ہزار تک کمانے والوں کو ٹرانسپورٹیشن کیلئے 2 ہزار روپے وظیفہ دیا جائےگا، مصدق ملک

Jun 03, 2022 | 21:02:PM

(ویب ڈیسک)حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد غریبوں کیلئے اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ 35 سے 40 ہزار کمانے والوں کو ٹرانسپورٹیشن کیلئے 2 ہزار روپے وظیفہ دیا جائےگا۔
وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 35 سے 40 ہزار روپے کمانے والوں کو اپنی ٹرانسپورٹیشن کیلئے 2 ہزار روپے وظیفہ دیا جائےگا، وزیراعظم نے کہا ہے کہ ایک روپے کا بوجھ بھی غریب پر نہیں پڑنے دیں گے۔مصدق ملک نے کہا کہ اس وقت ہر 6 میں سے 4 خاندانوں کی آمدنی 37 ہزار روپے سے کم ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہر غریب خاندان کو اپنی ضروریات پوری کرنے کیلئے 2 ہزار روپے دیے جا رہے ہیں،40 ہزار روپے تک کی آمدنی والے غریب افراد کو سہولت دے رہے ہیں تاکہ وہ اپنی مرضی سے یہ رقم خرچ کر سکے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ آئی ایم ایف کی ویب سائٹ پر عمران خان کا معاہدہ آج بھی موجود ہے، آئی ایم ایف سے مذاکرات کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی جتنی قیمتیں بڑھانی تھیں وہ بڑھا دی ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سابق حکومت ختم ہونے سے کچھ دن قبل اس وقت کے وزیر توانائی نے ایک خط تحریر کیا تھا جس میں روس سے تجارت کے فروغ اور پیٹرولیم کے شعبے میں تجارت کی درخواست کی گئی تھی تاہم اس حوالے سے دونوں ممالک کے درمیان نہ کوئی معاہدہ ہے اور نہ ہی کسی مفاہمت کی یادداشت پردستخط ہوئے ہیں، اگر 30 فیصد سستا تیل مل رہا تھا تو پی ایس او کے ٹینڈر میں کیوں نہ آتا؟انہوں نے کہا کہ نہ تو اس وقت کے وزیر توانائی کے خط کا کوئی جواب روس سے آیا اور نہ ہمارے سفیر نے جب روس کے وزیر توانائی سے ملاقات کی تو انہوں نے اس حوالے سے کوئی جواب دیا۔
 مصدق ملک نے کہا کہ عمران خان کی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں دی گئی سبسڈی کی قیمت آج عوام ادا کر رہے ہیں، عمران نے جو سبسڈی دی اس کی منظوری کہیں سے نہیں لی، ہم نے لیوی نہیں بڑھائی، اس کا بوجھ ہم نے اٹھایا۔

مزیدخبریں