سپریم کورٹ اہم ستون ہے ، انصاف کیلئے اپنا گھر درست کرنا ہوگا، حمزہ شہباز
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) لیگی رہنما حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کو انصاف کے لیے اپنا گھر درست کرنا ہوگا۔ جسے مسٹرکلین کہتے رہے، اس کی کرپشن کا کچا چٹھا کھل چکا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز لیگی رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ان کے بھائی کی وفات کی تعزیت کرنے ان کی رہائشگاہ پہنچے۔ جہاں انہوں نے میڈیا سے گفتگو کی۔ ان کا کہنا تھا کہ تین چار سال میں ملک کو ناقابل تلافی نقصان ہوا ہے۔ مکافات عمل ہے کس طرح نوازشریف، شہباز، مریم نواز، خواجہ سعد اور حافظ نعمان کو جیلوں میں ڈالا۔
انہوں نے کہا کہ میثاق معیشت کی بات کرنے پر ہمیں چور ڈاکو کہا گیا لیکن تمام مقدمات میں باعزت بری ہوئے۔ نوازشریف صاحب سرخرو ہوئے۔ لیکن ساٹھ ارب روپے قوم کا غبن ہوا ہے۔ جسے واپس کرنے کی بجائے ایک شخص جھوٹ کا چورن بیچ رہا ہے۔ جنہوں نے قومی خزانے پر ڈاکہ ڈالا ان کا کچا چٹھا کھل کر سامنے آ گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انتقامی سیاست تو بہت دیکھی لیکن جیسےن لیگ کو اندھے انتقام کا نشانہ بنایا گیا اس کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ جناح ہاؤس کو جلایا گیا۔ شہیدوں کے ماڈل کی یادگاروں پر پتھر برسائے گئے۔ جو ہمسایہ ملک نہ کرسکا۔ انہوں نے کردکھایا کیونکہ یہ سیاست نہیں دہشتگردی تھی۔ انہیں اب کیفرکردار تک پہنچنا چاہیے۔
سابق وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ لیگی قیادت کو کبھی عدالت میں گڈ ٹو سی یو نہیں کہا گیا۔ ایک شخص کیخلاف کرپشن کے ثبوت ہیں لیکن اس کیلئے آئین ری رائٹ ہورہا ہے۔ سپریم کورٹ اہم ستون ہے۔ انصاف کیلئے اسے اپنا گھر درست کرنا ہوگا۔ مسٹر کلین کے کرپشن کا کچا چٹھا کھل کرسامنے آگیا ہے۔