اڑنگ کیل میں جشن بہاراں سپورٹس فیسٹیول ،بہار کے رنگ بھر گئے

Jun 03, 2024 | 10:41:AM

(24 نیوز) اڑنگ کیل آزاد جموں و کشمیر میں جشن بہاراں سپورٹس فیسٹیول کا انعقاد ،آزاد کشمیر کے مشہور سیاحتی مقام اَڑنگ کیل میں پاک فوج  اور سول انتظامیہ کے اشتراک سے سپورٹس فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا،رنگا رنگ فیسٹیول کی تقریبات 30 مئی سے 2 جون تک جاری رہیں۔

 آزاد جموں و کشمیر کے علاقے میں اڑنگ کیل میں جشن بہاراں سپورٹس فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا جس میں مقامی افراد کے علاوہ پاکستان سے آئے سیاحوں کی بڑی تعداد نے شرکت  کی،سپورٹس فیسٹیول میں آزاد کشمیر بھر سے کھلاڑیوں نے رسہ کشی، تیر اندازی، پینٹ بال، شِیپ ریس اور تصویر کشی کے مقابلوں میں حصہ لیا،کرکٹ ٹورنامنٹ اور پولو میچ بھی فیسٹیول کا حصہ تھے،فیسٹیول کی اختتامی تقریب میں برگیڈ کمانڈر کیل نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

تقریب میں حکومتِ آزاد کشمیر کے نمائندوں، سول و عسکری عہدیداران اور ملک بھر سے آئے سیاحوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی،تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا جس کے بعد آرمی پبلک سکول کیل کے بچوں نے ملی نغمے، کلچرل شو اور ٹیبلوز پیش کیے،گلو کاروں نے کشمیری، شینا اور پشتو  گانوں کی دھنوں سے حاضرین کو مسحور کیا،اس موقع پر مختلف کھیلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو میڈلز، اعزازی شیلڈز، تعریفی اسناد اور نقد انعامات دیے گئے۔

اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے سپورٹس فیسٹیول کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ پاک فوج ہمیشہ اپنے لوگوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے

 ہم سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر آزاد کشمیر میں سیاحت کے فروغ کے لیے بھرپور کام کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ اڑنگ کیل سیاحت اور  کھیلوں کیلئے بہترین مقام ہے اور آزاد کشمیر کے قدرتی حسن کو محفوظ کرنے کے لیے ٹوارزم کو پروموٹ کرنے کی ضرورت ہے۔پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت  سیاحتی مقامات پر بنیادی سہولیات کی فراہمی سے مقامی لوگوں کو روزگار کے بہتر مواقع میسر آئیں گے ،اہل علاقہ نے پاک فوج اور ضلعی انتظامیہ کا کامیاب فیسٹول کرانے پر شکریہ ادا کیا،سیاحوں اور مقامی آبادی نے اڑنگ کیل میں منعقدہ فیسٹیول کو خوش آئند قرار دیا۔

ضرورپڑھیں:آج ٹریفک وائیلشن پر چالان نہیں ہوگا،سی ٹی او لاہور

مزیدخبریں