عدالت میں سیاسی باتیں نہ کی جائیں, ہم صرف وکلا کوسنیں گے:چیف جسٹس

Jun 03, 2024 | 13:11:PM

(امانت گشکوری)سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کی اپیلوں پر سپریم کورٹ میں براہ راست سماعت جاری ہے۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا فل کورٹ بینچ معاملے کی سماعت کررہا ہے,جسٹس سید منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس امین الدین خان، جسٹس جمال خان مندوخیل، محمد علی مظہر، عائشہ ملک، اطہر من اللہ، سید حسن اظہر رضوی، شاہد وحید، عرفان سعادت خان اور نعیم اختر افغان فل کورٹ کا حصہ ہیں۔

کیس کی سماعت سپریم کورٹ کی ویب سائٹ اور یوٹیوب چنیل پر براہ راست نشر کی جا رہی ہے,‏سلمان اکرم راجا اور فیصل صدیقی ایڈوکیٹ نے روسٹرم پر آگئے، فیصل صدیقی نے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے گزشتہ سماعت کا عدالتی حکم نامہ پڑھ کر سنایا۔

سپریم کورٹ میں دوران سماعت بجلی چلی گئی، وکیل صدیقی نے کہا کہ یہاں تو اب لائٹ بھی چلی گئی، چیف جسٹس پاکستان نے استفسار کیا کہ بجلی چلی گئی توپھریہ جنریٹر سے کیوں نہیں آئی ؟ یہ ٹی وی اور لائس تو چل رہی ہے، میرے خیال میں صرف کمرہ عدالت کے اے سی نہیں چل رہے,وکیل نے کہا کہ امیدواروں نے سرٹیفکیٹ لگایا تھا الیکشن کمیشن نےکہہ دیا آپ آزاد امیدوار ہیں، جسٹس جمال مندوخیل جب پارٹی بھی کہہ رہی ہویہ ہمارا امیدوار ہے، امیدواربھی پارٹی کو اپنا کہے الیکشن کمیشن کا اس کے بعد کیا اختیار ہے؟

وکیل فیصل صدیقی نے کہا کہ میرا آفس بند کردیا گیا ہے کچھ دستاویزات نہیں لاسکا، چیف جسٹس نے فیصل صدیقی سے مکالمہ کیا کہ ایسی باتیں عدالت میں نہ کریں، اگر آپ کا دفتربند ہے، کوئی مسئلہ ہے تو درخواست دیں، ہم حکم جاری کریں گے.

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر نے روسٹرم پر آکر بات کرنے کی کوشش کی، چیف جسٹس نے کہا کہ ہم صرف وکلا کوسنیں گے، فیصل صدیقی آپ بات کریں، عدالت میں سیاسی باتیں نہ کی جائیں۔

واضح رہے کہ 6 مئی سپریم کورٹ نے 14 مارچ کے پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کے ساتھ ساتھ یکم مارچ کا الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سنی اتحاد کونسل کو خواتین اور اقلیتوں کے لیے مخصوص نشستوں سے محروم کرنے کے فیصلے کو معطل کر دیا تھا۔

 
 

مزیدخبریں