(رومیل الیاس) وفاقی وزیراطلاعات عطا اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ مہنگائی میں کمی اور وزیراعظم کا دورہ چین ایک خوشخبری ہے، ورلڈ کپ بھی شروع ہوچکا ہے قوم کو معشیت اور کرکٹ کے حوالے سے مزید خوشخبریاں ملیں گی، دورہ چین سے سی پیک منصوبے کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔
وفاقی وزیراطلاعات عطا اللہ تارڑ نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران حکومت نے نہ صرف معشیت کو نقصان پہنچایا بلکہ عالمی سطح پر دوست ممالک کے ساتھ تعلقات بھی خراب کئے، موجودہ حکومت نے دوست ممالک کے ساتھ تعلقات کو پھر سے بہتر کیا ہے، برطانیہ کے ساتھ 10 ارب ڈالر کے معاہدے جلد ہوں گے، سعودی عرب سے بھی تعلقات بہتری کی جانب گامزن ہو رہے ہیں، کل وزیراعظم پاکستان چائنہ جا رہے ہیں جہاں وہ چینی ہم منصب سے ملاقات کریں گے، ہر شعبے سے وابستہ کاروباری شخصیات بھی وزیراعظم پاکستان کے ہمراہ اپنے خرچے پہ جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی وکیل نعیم پنجھوتہ کا دبنگ بیان
انہوں نے مزید کہا کہ پاک چین بزنس فورم میں وفد وزیراعظم کی سربراہی میں شرکت کرے گا، وزیراعظم پاکستان کا دورہ چین ملکی معیشت کے لئے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا، چینی دورے کے دوران مختلف شعبہ جات کی ترقی کے لئے ایم او یو سائن ہوں گے، آئی ٹی کے شعبے کی بہتری کے لئے بھی چین کے ساتھ اہم معاہدے ہوں گے، پچھلے ماہ مہنگائی 38 فیصد تھی جو کم ہو کر 11 فیصد پر آ گئی ہے, اپریل میں افراط زر کی شرح 17 فیصد تھی جو کم ہو کر 11 فیصد آئی, مہنگائی میں واضح کمی دیکھی جا سکتی ہے, تاریخ میں کبھی بھی مہنگائی میں اس قدر تیزی سے کمی دیکھنے میں نہیں آئی۔
پٹرولیم مصنوعات پر بات کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پٹرول کی قیمت میں ایک ماہ کے دوران 25 روپے فی لیٹر کمی آئی ہے، اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ روپے کی قدر میں بہتری آئی ہے، مہنگائی کے خلاف ہونے والے اقدامات سے سرمایہ کاروں کا حوصلہ بڑھے گا، وزیراعظم کی کوشش ہے کہ عام آدمی ہر کم سے کم بوجھ ڈالا جائے، ملک میں اس وقت سرمایہ کاری کے لئے ماحول سازگار بن چکا ہے، مئی کے مہینے میں پندرہ ارب روپے کا زائد ٹیکس اکٹھا کیا گیا، ٹیکس ریفارمز اور معاشی اصلاحات کے ثمرات ملنا شروع ہو چکے ہیں۔
وفاقی وزیراطلاعات نے وزیراعظم کے دورہ چین پر بات کرتے ہوئے کہا کہ عوام دعا کرے کہ وزیراعظم کا دورہ چین کامیاب رہے، 4 روزہ دورہ چین سے بڑی امیدیں ہیں، معشیت میں بہتری اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک میں ایک سنجیدہ حکومت کام کر رہی ہے، مہنگائی میں کمی اور دورہ چین ایک خوشخبری ہے، ورلڈ کپ بھی شروع ہوچکا ہے قوم کو معشیت اور کرکٹ کے حوالے سے مزید خوشخبریاں ملیں گی، دورہ چین کو سی پیک کے حوالے سے اگلا فیز سمجھیں، اس دورے سے سی پیک منصوبے کے نئے دور کا آغاز ہوگا، وزیراعظم پاکستان شہباز شریف بطور وزیراعلی بھی سی پیک پر بڑی توجہ دیتے تھے۔
عطا اللہ تارڑ نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی میں دو گروہوں کے مابین آگے آنے کی لڑائی پڑ چکی ہے، علیمہ خان گروپ اور دیگر گروہوں میں اس وقت پارٹی معمالات چلانے پر اختلافات چل رہے ہیں، ہماری تمام تر توجہ اس وقت معشیت کو مضبوط کرنے پر ہے، ہمارا فوکس پاکستان کو جلد ایشین ٹائیگر بنانے پر ہے، نہ کوئی سیاسی جماعت نہ کوئی سیاسی لیڈر پاکستان سے بڑا ہے، پاکستان سب سے پہلے ہے اور کوئی چیز بھی ملک سے بڑھ کر نہیں۔