(24نیوز) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہرنے کہا ہے کہ کوئی بھی پارٹی اپنی جیتی سیٹوں سے زیادہ سے حقدار نہیں، ہمیں امید ہے کہ سپریم کورٹ ہماری 78 نشستیں واپس دلائے گی۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہرنے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی اور سنی اتحاد کونسل کا مؤقف واضح ہے، کوئی بھی پارٹی اپنی جیتی سیٹوں سے زیادہ سے حقدار نہیں، ہم سپریم کورٹ سے امید رکھتے ہیں، سپریم کورٹ آئین کی رو کے مطابق چلے گی۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ماضی میں بھی پارٹیوں سے انتخابی نشانات لیے گئے، سپریم کورٹ ہمیں ہماری 78سیٹیں واپس دلائے گی، ہمیں ہماری مخصوص نشستیں دی جائیں، یہ 78نشستیں سنی اتحاد کونسل کا حق ہے،امید ہے حق ملےگا,پی ٹی آئی رہنما عامر ڈوگر نے کہا کہ سپریم کورٹ کے اس فیصلے پر 24کروڑ عوام کی نظریں لگی ہوئی ہیں، یہ اوپن اینڈ شٹ کیس ہے، یہ سیٹیں صرف اور صرف ہمیں ہی مل سکتی ہیں، ہمارے حق پر ڈاکا مارا گیا، امید ہے سپریم کورٹ کا فل کورٹ بنچ ہمیں اس ڈاکے سے بچائے گا۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما کنول شوذب کاکہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کی غلطیوں کو آج عدالت میں اجاگر کیا گیا، آج کی سماعت میں الیکشن کمیشن کی غلطیوں کی نشاندہی کی گئی ہے، ووٹر کے حق کے حقوق کی بات کی جائے، ہم سے انتخابی نشان چھین کر سیٹیں بھی چھین لی گئی تھیں، پی ٹی آئی پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے، سپریم کورٹ سے پوری امید ہے، اس کیس کا فیصلہ ہمارے حق میں آئے گا۔
اس موقع پر رہنما پی ٹی آئی اور سابق وزیر فیصل جاوید نے کہا کہ یہ دیکھنا ہے کہ لوگ کس کو چاہتے ہیں، خواتین اور اقلیتوں کی نشستیں نہیں دی گئیں، پہلی بار ہوا کہ لوگوں نے ڈھونڈا کہ کس امیدوار پر بانی پی ٹی آئی نے ہاتھ رکھا، صرف الیکشن میں جمہوریت نہیں ہوتی، صاف اور شفاف الیکشن میں جمہوریت ہوتی ہے ورنہ زمبابوے میں بھی الیکشن ہوتا ہے,ان کاکہنا تھا کہ 8فروری کو جو لوگوں نے دیکھا ،ایسا کبھی نہیں ہوا، یہ پی ایس ایل میں خالی نشستیں بھی دیکھتے ہیں تو منہ میں پانی آجاتا ہے۔