(24نیوز)پی ٹی آئی کے رہنما شوکت بسرا نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کور کمیٹی کا فیصلہ تھا ہمیں چیف جسٹس آف پاکستان پر اعتماد نہیں۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شوکت بسرا نے کہا کہ کور کمیٹی کا فیصلہ ہے کہ قاضی فائز عیسیٰ مخصوص نشستوں کے کیس سمیت پی ٹی آئی اور بانی کے کسی کیس میں نہ بیٹھیں۔
شوکت بسرا کا کہنا ہے کہ فیصلہ کیا تھا ہمارے جتنے کیس قاضی فائز عیسیٰ کے پاس ہوں گے ہم الگ ہو جائیں گے، چیف جسٹس سے متعلق تحفظات ہیں،انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس اس بینچ کا حصہ تھے جس میں ہم سے بلّے کا نشان چھینا گیا، بلّے کے نشان چھیننے کی وجہ سے مخصوص نشستوں والا معاملہ بنا، جب ہماری کور کمیٹی نے فیصلہ دیا تھا چیف جسٹس کو الگ ہو جانا چاہیے تھا۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ روایت ہے بینچ کے جس جج پر عدم اعتماد کا اظہار کر دیا جائے وہ جج خود بخود الگ ہو جاتا ہے، عدت کیس میں دہرے معیار کا مظاہرہ کیا گیا، جب جج پر عدم اعتماد کر دیا جائے اسے خود کو کیس سے الگ کر دینا چاہیے.
ان کا مزید کہنا ہے کہ کیا آج کا کیس تحریک انصاف کا نہیں؟ لیگل کمیٹی نے فیصلہ کیا چونکہ بینچ بن چکا اس لیے اس کے سامنے پیش ہوں گے۔