ٹی 20 ورلڈ کپ :جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی

Jun 03, 2024 | 21:11:PM

(24 نیوز ) ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے چوتھے میچ میں جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی ۔

امریکا کے شہر نیویارک میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکن ٹیم نے اس ورلڈ کپ کا 78رنز کا کم ترین ہدف دیا جو جنوبی افریقہ نے باآسانی 16.2 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ، میچ کے آغاز پر سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو کہ انتہائی غلط ثابت ہوا پوری ٹیم 19.1 اوورز  میں آؤٹ ہو گئی ۔

سری لنکا کی اننگز

جنوبی افریقی بولرز نے اننگز کے آغاز کے ساتھ ہی سری لنکن بیٹرز کو قابو میں رکھا اور کوئی بھی بیٹر بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہا،سری لنکا کے 8 بیٹرز ڈبل فیگرز میں بھی داخل نہ ہوسکے، افریقی بولرز کی شاندار بولنگ کے خلاف پوری سری لنکن ٹیم 20 ویں اوور میں صرف 77 رنز پر ڈھیر ہوگئی،سری لنکا کی جانب سے کوشل مینڈس 19 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، کامندو مینڈس نے 11 اور انجیلو میتھیوز نے 16 رنز بنائے۔

جنوبی افریقا کے فاسٹ بولر نوکیا نے 7 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ رباڈا اور کیشو مہاراج نے 2،2 وکٹیں لیں۔

جنوبی افریقا کی اننگز

جنوبی افریقا نے 78 رنز کا ہدف با آسانی 17 ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، پروٹیز کی جانب سے کوئن ڈی کوک نے 20، ریزا ہینڈرکس 4، ایڈن مارکرم 12،اسٹبز نے 13 رنز اسکور کیے جبکہ کلاسن 19 اور ڈیوڈ ملر 6 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔

سری لنکا کی جانب سے کپتان ہسارنگا نے 2، نوان تھوشارا اور شناکا نے ایک ایک وکٹ لی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے تیسرے میچ میں عمان اور نمیبیا کا میچ برابر ہوگیا جس کے بعد فیصلہ سپر اوور میں ہوا،ٹوئنٹی ورلڈکپ کے پہلے سپر اوور میں نمیبیا نے عمان کو 11 رنز سے شکست دی۔

واضح رہے کہ امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں 20 ٹیمیں ایکشن میں ہیں، 9 وینیوز پر مجموعی طور پر 55 میچز کھیلے جائیں گے،پاکستان ایونٹ میں اپنا پہلا میچ 6 جون کو میزبان امریکا کے خلاف کھیلے گا جبکہ پاک بھارت ٹاکرا 9 جون کو ہوگا۔

مزیدخبریں