(24 نیوز)سینیٹ انتخابات کیلئے پولنگ کا وقت ختم ہو گیا، قومی اسمبلی میں ووٹوں کی گنتی شروع ہو گئی،یوسف رضا گیلانی اور حفیظ شیخ کے ووٹ الگ الگ ٹوکریوں میں رکھے جا رہے ہیں ،قومی اسمبلی میں 341 میں سے 340 ووٹ کاسٹ ہوئے ۔بلوچستان اور سندھ اسمبلی میں بھی ووٹنگ کا عمل مکمل ہوگیا۔خیبرپختونخوامیں 126 ایم پی ایز اپنا ووٹ کاسٹ کر چکے ، 19ایم پی ایز ووٹ کاسٹ نہ کر سکے۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹ انتخابات کیلئے37 نشستوں پر پولنگ ہوئی جو بغیرکسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہی۔اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ وفاق اور صوبوں میں جنرل نشستوں پر 39 امیدوار آمنے سامنے ہیں، خواتین 18، ٹیکنو کریٹ 13 اور اقلیتی نشستوں پر 8 امیدوار مدمقابل ہیں۔ اسلام آباد کی جنرل نشست پر پی ٹی آئی کے ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے یوسف رضا گیلانی کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔
پنجاب کی 11 نشستوں پر امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوچکے۔ اسلام آباد کی 2، سندھ کی 11، خیبرپختونخوا کی 12 اور بلوچستان کی 12 نشستوں پر پولنگ ہوئی۔ صوبوں کی نشستوں پر ارکان صوبائی اسمبلی نے ووٹ کاسٹ کئے جبکہ اسلام آباد کی 2 نشستوں پر ارکان قومی اسمبلی نے ووٹ کاسٹ کئے´
قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی اپنی 157 نشستیں ہیں، اتحادیوں میں ایم کیو ایم کی 7، مسلم لیگ ق کی اور بی اے پی کی 5، 5 جی ڈی اے کی 3، شیخ رشید کی عوامی مسلم لیگ اور جمہوری وطن پارٹی کی 1، 1 نشست جبکہ 1 آزاد امیدوا راسلم بھوتانی حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اس طرح تحریک انصاف کو قومی اسمبلی میں 180 ارکان کی حمایت حاصل ہے۔
دوسری طرف متحدہ اپوزیشن کی جماعتوں میں سے مسلم لیگ ن کی 83، پیپلزپارٹی کی 55، متحدہ مجلس عمل پاکستان کی 15، اے این پی اور جماعت اسلامی کی 1،1 نشست جبکہ 3 آزاد امیدواروں کا ساتھ بھی حاصل ہے۔ متحدہ اپوزیشن کے مجموعی ارکان کی تعداد 161 بن جاتی ہے۔ یوں وفاق کی جنرل نشست پر اپوزیشن کو جیتنے کے لئے حکومتی اتحاد میں سے 10 ووٹ توڑنے ہوں گے۔
سینیٹ انتخابات: پولنگ کا وقت ختم، قومی اسمبلی میں ووٹوں کی گنتی شروع
Mar 03, 2021 | 09:34:AM