(24 نیوز)بھارتی فلم انڈسٹری کے اداکار اجے دیوگن کی گاڑی کو ایک سردار نے کسانوں کے حوالےسےاحتجاج ریکارڈ کروانے کیلئے روک لیا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر سردار کو گرفتار کرلیا۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کےمطابق بالی ووڈ اداکار اجے دیوگن کسی فلم کی شوٹنگ کے لئے گوریگاوں ایسٹ میں جارہےتھے کہ اسی دوران فلم سٹی کے گیٹ سے بالکل پہلے ایک سردار نے اجے دیوگن کی گاڑی کو روک دی اور سردار نے اجے دیوگن کو یہ کہنا شروع کر دیا کہ دہلی کے کسان اتنے دنوں سے مظاہرہ کررہے ہیں ، لیکن آپ ان کی حمایت میں ٹویٹ کیوں نہیں کررہے ہیں۔تقریبا 15 منٹ تک اجے دیوگن کی گاڑی کو روکنے کے بعد پولیس جائے واقعہ پر پہنچی اور اجے دیوگن کو وہاں سے نکالا ۔ اس کے بعد اجے دیوگن فلم سٹی کے اندر اپنے سیٹ پر چلے گئے ۔ واقعہ سامنے آنے کے بعد ڈنڈوشی پولیس نے اجے دیوگن کی گاڑی کو روکنے والے سردار کوگرفتار کرلیا ۔
اجے دیوگن کی کار روکنے والے شخص کا کہنا ہے کہ وہ صرف کسانوں کے حقوق کے لئے بات کرنے کیلئے کہنے گیا تھا ، یہ کوئی بڑا جرم تو نہیں ہے ۔ پھر پولیس نے اسے کیوں گرفتار کیا ۔ مجھے سمجھ میں نہیں آرہا ہے ۔ اجے دیوگن کی گاڑی روکنے والے سردار کا نام راجدیپ سنگھ ہے اور اس کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 341 ، 504 ، 506 کے تحت شکایت درج کی گئی ہے ۔اس واقعہ کے بعد فلم سٹی میں سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے ۔