(24نیوز)خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات کامران بنگش نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے سینٹ کے امیدوار نے تحریک انصاف کے ایم پی اے عبدالسلام آفریدی کو خریدنے کی کوشش کی۔
میڈیا سےبات چیت کرتے ہوئے کامران بنگش نے کہا کہ سینٹ کے لئے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار نے مردان سے پی ٹی آئی کے ایم پی اے عبدالسلام آفریدی کو 8 کروڑ روپے کی آفر کی ۔انہوں نے کہا کہ عادل نامی مڈل مین کے ذریعے عبدالسلام آفریدی سے رابطہ کیا گیا لیکن عبدالسلام آفریدی معاملہ وزیراعلیٰ محمود خان کے نوٹس میں لائے جبکہ ہمارے ایم پی اے کے پاس واٹس ایپ کا چیٹ ریکارڈ موجود ہے۔کامران بنگش نے مزید کہا کہ ہمارے کہنے پر ایم پی اے نے عادل نامی مڈل مین سے بات چیت جاری رکھی، ہمارے دیگرارکان اسمبلی کو بھی پیسوں کی آفر کی گئی لیکن ہمارے ایم پی ایز بکنے والے نہیں ہیں۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن کے سینٹ امیدوار عباس آفریدی نےکہا کہ الیکشن میں مصروف ہوں، عبدالسلام آفریدی اور عادل نامی شخص کو نہیں جانتا یہ چیٹ پی ٹی آئی نے خود بنائی ہے۔