فائزر اور آکسفورڈ ویکسین 70 سال سے زائد عمر والے افراد کیلئے انتہائی مؤثر

Mar 03, 2021 | 10:50:AM

(24 نیوز) کورونا ویکسین کو لگانےکے بعد  اس پرمختلف سٹڈیز بھی کی جارہی ہیں اور اسی طرح کی ایک تازہ ترین سٹڈی کے ذریعہ یہ بات سامنے آئی ہے کہ فائزر اور آکسفورڈ ایسٹرازینکا ویکسین 70 سال اور اس سے زائد کی عمر والے افراد کیلئے انتہائی مؤثر ثابت ہورہی ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مذکورہ تحقیق پر اب تک یوں تو کوئی خاص تبصرے سامنے نہیں آئے ہیں لیکن لیباریٹری ٹیسٹنگ کے بعد انگلینڈ میں 70 سال یا اس سے زیادہ کی عمر والوں کیلئے ویکسین کو بیحد متاثرکن پایا گیا ہے۔ محققین میں شامل پبلک ہیلتھ انگلینڈ نے جو رپورٹ پیش کی ہے وہ یقینا خوش آئند ہے کیونکہ 70 اور 80 سال کی عمر والے جن کورونا مریضوں کو ان کے متاثر ہونے سے یا انکی موت سے 14 روز قبل ٹیکہ لگایا گیا تھا تو ان لوگوں میں اموات کی شرح ان لوگوں سے بہت کم پائی گئی جنہوں نے ٹیکہ لیا ہی نہیں۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ ڈیٹا 70 یا 80 سال سے زائد عمر والوں میں 80 فیصد ایسے افراد ہیں جن کو ویکسین کی صرف ایک ہی خوراک دی گئی اور وہ کام کر گئی۔

پبلک ہیلتھ انگلینڈ کے مطابق خوراک لینے کے 3 تا 4 ہفتہ کے اندر مریض بالکل شفایاب ہوگئے۔ فائزر ویکسین کی ٹیسٹنگ کے بعد کوویڈ۔19 کی اموات کی شرح میں 83 فیصد کمی ہوئی۔ دوسری طرف ویکسین کی صرف ایک خوراک لینے کے بعد 70 سال سے زائد افراد بھی کوروناسے غیرمتاثرہ پائے گئے اور ان میں انفیکشن کی کوئی علامات نہیں پائی گئی۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ دونوں ہی ویکسین دیئے جانے کے بعد ڈیڑھ ماہ کے عرصہ تک مریضوں کو سخت نگرانی میں رکھا گیا اور یہ معلوم ہوگیا کہ کورونا کی نئی اقسام کیلئے بھی دونوں ہی ویکسین انتہائی مؤثر ہیں اور دونوں کے اثرات تقریباً یکساں ہیں۔

پبلک ہیلتھ انگلینڈ  کی ایمونائزیشن سربراہ میری رامسے نے بتایا کہ ویکسین اب انفیکشن اور موت سے بچانے کا کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب بھی بہت سی تفصیلات آنا باقی ہیں لیکن فی الحال یہ بات بھی اطمینان بخش ہے کہ ویکسین کے استعمال سے قابل لحاظ تبدیلی آئی ہے۔ تاہم اب بھی یہ کہا نہیں جاسکتا کہ آیا کوروناوائرس کو ایک انسان سے دوسرے انسان تک منتقلی کو روکنے کیلئے ویکسین سو فیصد کارآمد ثابت ہوتی ہے یا نہیں۔

مزیدخبریں