فاروق عبداللہ کے خلاف دائر پٹیشن خارج، درخواست گزار کو جرمانہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) بھارتی سپریم کورٹ نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے سابق وزیراعلی ٰفاروق عبداللہ کے خلاف آرٹیکل 370 پر تبصرہ کرنے پر عر ضی دائر کرنے والے شخص پر 50 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا ہے اور درخواست خارج کر دی ہے۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق رجت شرما نامی شخص نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی اور کہا تھا کہ آرٹیکل 370 کو ہٹانے پر فاروق عبد اللہ نے قابل اعتراض تبصرہ کیا تھا۔ عرضداشت میں دعویٰ کیاگیا تھا کہ فاروق عبداللہ کو چین اور پاکستان سے مددمانگ رہے ہیں۔ اس لئے انکے خلاف غداری کا مقدمہ چلایا جائے۔دوران سماعت سپریم کورٹ نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے درخواست خارج کردی اور عدالت کا وقت ضائع کرنے پر رجت شرما پر 50 ہزارروپے جرمانہ عائد کردیا۔ عدالت نے کہا کہ حکومت کی کسی بھی پالیسی پر اعتراض اور مخالفت کرنا غداری نہیں ہے۔ درخواست گزار یہ ثابت نہیں کرسکے کہ فاروق عبداللہ کو چین اور پاکستان سے کس طرح مدد مل رہی ہے۔
دائر کردہ درخواست میں کہا گیا تھا کہ فاروق عبد اللہ کا رویہ ملک دشمن ہے۔ نہ صرف وزارت داخلہ کو ان کے خلاف قانونی کارروائی کرنی چاہئے بلکہ ان کی پارلیمنٹ کی رکنیت بھی منسوخ کی جانی چاہئے۔ اگر انہیں رکن پارلیمنٹ کی حیثیت سے جاری رکھا جاتا ہے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ بھارت میں ملک دشمن سرگرمیاں قبول کی جارہی ہیں اور اس سے ملک کے اتحاد کو نقصان پہنچے گا۔درخواست گزار نے کہا کہ فاروق عبداللہ نے ایک بیان دیا تھا کہ وہ 370 کو دوبارہ نافذ کریں گے جو ملک مخالف ہے اور یہ غداری کے مترادف ہے کیونکہ اسے پارلیمنٹ نے اکثریت سے منظور کیا ہے۔