(24 نیوز) پیپلزپارٹی نے چیف الیکشن کمشنر کو ایک خط لکھ کر شکایت کی ہے، جس میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان سینٹ الیکشن پر اثرانداز ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کو لکھے گئےپیپلز پارٹی کے شکایتی خط میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے سینٹ الیکشن سے قبل ارکان اسمبلی سے ملاقاتیں کیں، عمران خان نے ارکان اسمبلی کو 50 کروڑ روپے کے فنڈز کی یقین دہانی کرائی، خواتین ارکان اسمبلی نے وزیراعظم کے فنڈز دینے کی یقین دہانی کا اعتراف کیا۔خط میں مزید کہا گیا کہ عمران خان سینٹ الیکشن کے پیش نظر ایم این ایز کو رشوت دینے کے مرتکب ہوئے، کرپٹ پریکٹسز اور رشوت دینے پر وزیراعظم عمران خان کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے۔