اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصل واوڈا نااہلی کیس کا فیصلہ سنادیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی وزیر فیصل واوڈا نااہلی کیس کا فیصلہ سنا دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے تحریک انصاف کے رہنمااور وفاقی وزیر فیصل واوڈا نااہلی کیس کے میں کہا ہے کہ فیصل واوڈا کا الیکشن کمیشن میں جمع کرایا گیا بیان حلفی بظاہر جھوٹا ہے، فیصل واوڈا کے جھوٹے بیان حلفی کے معاملے پر الیکشن کمیشن فیصلہ کرے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کا کہنا ہے کہ فیصل واوڈا کے مستعفی ہونے کے باعث انہیں نا اہل قرار نہیں دیا جاسکتا،سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق جھوٹا بیان حلفی جمع کرانے کے نتائج ہیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے 13 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا ہے۔
یاد رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے فیصل واوڈا کو دوہری شہریت چھپانے پر نااہل کرنے سے متعلق درخواست پر فیصلہ آج محفوظ کیا تھا۔
آج فیصل واوڈا کی جانب سے ان کے وکیل عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ ان کے موکل نے بطور رکن قومی اسمبلی استعفیٰ دے دیا ہے جس کے بعد ان کی نااہلی کی درخواست غیر موثر ہو گئی ہے، فیصل واوڈا کے وکیل نے ان کا قومی اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ عدالت میں بھی پیش کیا۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ سپیکرقومی اسمبلی کے چیمبر کو فیصل واوڈا کا استعفیٰ موصول ہی نہیں ہوا اور قومی اسمبلی کے شعبہ قانون سازی میں بھی استعفیٰ نہیں پہنچا۔
قوائد کے مطابق استعفیٰ اسپیکر کے پاس پہنچ جائے تو تصدیق کی جاتی ہے لیکن فیصل واوڈا کی سپیکر سے ملاقات ہوئی اور نہ استعفے کی تصدیق ہوئی اس لئے جب استعفیٰ ملا ہی نہیں تو منظوری کیسے ہوگئی ؟