گوجرانوالہ: دوران ڈکیتی خواتین سے زیادتی کرنیوالے ملزمان گرفتار
Stay tuned with 24 News HD Android App
(محمد امین گورایہ) صوبہ پنجاب کے ضلع گوجرانوالہ کے تھانہ نوشہرہ ورکاں کی حدود میں ڈکیتی کی وارداتوں کے دوران خواتین کو زیادتی کا نشانہ بنانے والے تین درندہ صفت ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
نوشہرہ ورکاں پولیس کے مطابق گرفتار کیے جانے والے تینوں ملزمان نے تھانہ اروپ، تتلے عالی اور لدھیوالہ وڑائچ میں ڈکیتی کی وارداتوں کے دوران خواتین کے ساتھ زیادتی کی۔
نوشہرہ ورکاں سٹی پولیس آفیسر محمد ایاز سلیم نے ان واقعات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دیں جنہوں نے مؤثر کارروائی عمل میں لاتے ہوئے وقوعہ جات میں ملوث درندہ صفت ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
یہ بھی پڑھیے: گوجرانوالہ، ڈکیتی اور زیادتی کا مقدمہ درج کروانے پر ڈاکوﺅں کی باپ کے سامنے بیٹی سے دوبارہ زیادتی, وزیراعلیٰ کا نوٹس
پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کی شناخت ذیشان، ساجد اور عامر کے نام سے ہوئی ہے جبکہ ذیشان اور عامر سگے بھائی ہیں، ملزمان نے 26 فروری کو اروپ میں دوران ڈکیتی ماں اور بیٹی کے ساتھ اجتماعی زیادتی کی تھی جس کا مقدمہ درج کروانے پر ملزمان نے گزشتہ روز دوبارہ متاثرہ لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنایا۔
خیال رہے کہ گوجرانوالہ میں دوران ڈکیتی زیادتی کے واقعات پر نگران وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی نے نوٹس لیا تھا۔
وزیراعلیٰ نے انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے واقعات میں ملوث ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی اور قرار واقعی سزا دلانے کی ہدایت کی تھی، وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ متاثرہ خواتین کو انصاف فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔