اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کا معاملہ: عمران خان کو جواب جمع کرانے کا وقت مل گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) سپریم کورٹ نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کے حق دینے کی درخواستوں پر عمران خان اور شیخ رشید کو جواب جمع کرانے کا وقت دے دیا۔
جسٹس اعجازالاحسن کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کے حق دینے کی درخواستوں پر سماعت کی۔
جسٹس منیب اختر نے استفسار کیا کہ پارلیمان نے 2017 میں الیکشن ایکٹ بنایا، سمندر پار پاکستانیوں کے ووٹ کے حق سے متعلق الیکشن ایکٹ کا سیکشن 94 واضح ہے، سپریم کورٹ نے 2018 میں سیکشن 94 کو آئین کے مطابق قرار دیا تھا۔
جسٹس منیب اختر نے پوچھا کہ سال 2021 میں قانون کو مزید بہتر کیا گیا 2022 میں پارلیمنٹ واپس پرانی سطح پر لے آئی، سپریم کورٹ نے پہلے جس قانون کو آئینی قرار دیا اب غیرآئینی کیسے قرار دے ؟ جس پر وکیل درخواستگزار نے کہا کہ نادرا کے مطابق الیکشن کمیشن معاہدہ کرے تو ایک سال میں آئی ووٹنگ کا سسٹم بنا سکتے ہیں۔
وکیل عارف چوہدری نے عدالت کو بتایا کہ ماضی میں بھی نادرا نے ایک سال کا وقت مانگا تھا عدالت کے کہنے پر چھ ماہ میں سسٹم بنا، سال 2017 میں ہونے والے پائلٹ پراجیکٹ پر کوئی اعتراض سامنے نہیں آیا، الیکشن کمیشن نے اب تک دوبارہ کوئی پائلٹ پراجیکٹ نہیں کیا۔
جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ فریقین کے جواب آجائیں تو عملدرآمد کا جائزہ بھی لینگے۔ وکیل شیخ رشید نے موقف اپنایا کہ الیکشن کمیشن نے اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کا معاملہ روک رکھا ہے، اگر الیکشن کمیشن اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے اقدامات کر لے تو کوئی رکاوٹ ہی نہیں۔
جسٹس منیب اختر نے کہا کہ ہائیکورٹ نے اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کا حق لینے کی ترامیم پر درخواست خارج کر دی تھی، کیا الیکشن ایکٹ میں ترمیم سے بنیادی انسانی حقوق متاثر ہوئے ؟ پارلیمنٹ اپنے بنائے گئے قانون میں ترمیم کر رہی ہے تو عدالت مداخلت کیوں کرے ؟ عدالت کی آبزرویشنز کچھ بھی ہوں مگر پارلیمنٹ کی ہر قانون سازی آئینی تصور ہوتی ہے۔
جسٹس اعجازالاحسن نے استفسار کیا کہ آپ نے تو اوورسیز کے ووٹ کے حق سے متعلق قانون کو ہی کالعدم قرار دینے کی درخواست کر دی ہے۔ جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے کہا کہ آپ اپنی ترمیمی درخواست جمع کرا دیں۔
جسٹس منیب اختر نے کہا کہ بنیادی حقوق کی خلاف ورزی پر دائر درخواست واضح ہونی چاہیے، کیا کوئی آئینی ضابطہ پارلیمنٹ کو قانون اصل حالت میں بحال کرنے سے روکتا ہے ؟ عدالتی سوالات پر تیاری کر کے آئیں۔
سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو بھی اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کے حق پر پیش رفت رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی۔