روزانہ واک کرنے سے  قبل از وقت موت اور کن بیماریوں سے بچا جا سکتا ہے؟

Mar 03, 2023 | 11:35:AM

(ویب ڈیسک) برطانوی تجزیہ کاروں کے مطابق آپ کو ورزش کے فوائد کے لیے رنر ہونا یا کوئی گیم کھیلنا ضروری نہیں ہے۔ معمول میں روزانہ واک بھی بہت فائدہ مند ہے۔

تحقیق کے مطابق اگر کوئی شخص روزانہ 11 منٹ بھی ورزش یا واک کرتا ہے تو دس میں سے ایک کو وقت سے پہلے موت سے بچا جا سکتا ہے۔تاہم زیادہ تر لوگ ہفتے میں کم از کم 150 منٹ کی مجوزہ ورزش نہیں کرتے۔

یونیورسٹی آف کیمبرج کے محققین کا کہنا ہے کہ کچھ وقت کے لیے ورزش کرنا بالکل کچھ نہ کرنے سے بہتر ہے۔

برطانیہ کی نیشنل ہیلتھ سروس یہ تجویز کرتی ہے کہ ہر ایک کو 150-300 منٹ تک ورزش کرنی چاہیے جو ہر ہفتے دل کی دھڑکن میں اضافے کا باعث بنتی ہے یا 75-150 منٹ تک کی ہر ہفتے ایسی سخت قسم کی ورزش کرنی چاہیے، جس سے آپ کے لیے سانس لینا مشکل ہو جاتا ہے۔

جسمانی ورزش کے لیے تجویز کردہ وقت میں سے نصف وقت بھی ورزش کرنے سے دل کی بیماری کے 20 کیسز میں سے ایک اور کینسر کے 30 کیسز میں سے ایک کو روک سکتی ہے۔

ہر ہفتے 75 منٹ یا روزانہ 11 منٹ بائی سائیکل چلانے، تیز پیدل چلنے، ہائیکنگ، ڈانسنگ یا ٹینس کھیلنا ضروری ہے۔

ورزش سے کن بیماریوں سے محفوظ رہ سکتے؟

تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر سورن بریج کا کہنا ہے کہ ’آپ کو خود کو حرکت میں محسوس کرنا چاہیے، آپ کا دل تیزی سے دھڑکنے لگے گا لیکن ضروری نہیں کہ آپ سانس بند محسوس کریں۔‘

نتائج بتاتے ہیں کہ اتنا وقت ورزش کرنے سے دل کی بیماری اور فالج کے خطرے کو 17 فیصد اور کینسر کے خطرے کو سات فیصد تک کم کیا جا سکتا ہے۔ باقاعدگی سے ورزش جسم کی چربی اور بلڈ پریشر کو کم کرتی ہے جبکہ طویل مدت میں فٹنس، نیند اور دل کی صحت کو بھی بہتر بناتی ہے۔

ورزش کے فوائد کچھ مخصوص کینسر جیسے سر اور گردن، گیسٹرک، لیوکیمیا اور خون کے کینسر کے لیے اور بھی زیادہ ہیں، لیکن پھیپھڑوں، جگر، اینڈومیٹریل، بڑی آنت اور چھاتی کے کینسر کے لیے کم ہیں۔ہر ایک کو نیشنل ہیلتھ سروس کی تجویز کردہ ورزش کرنا آسان نہیں لگتا۔ تین میں سے دو لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ 150 منٹ سے کم اعتدال پسند ورزش کرتے ہیں اور دس میں سے ایک سے کم ہر ہفتے 300 منٹ سے زیادہ ورزش کرتے ہیں۔

ڈاکٹر بریج کا کہنا ہے کہ اگر آپ ان افراد میں سے ہیں جنھیں ہفتے میں 150 منٹ کی اعتدال پسند جسمانی ورزش کا خیال تھوڑا سا مشکل لگتا ہے، تو ہماری جستجو اچھی خبر ہونی چاہیے۔اگر ہر شخص ہفتے میں کم از کم 150 منٹ کی ورزش کرتا ہے تو چھ میں سے ایک شخص کو وقت سے پہلے مرنے سے بچایا جا سکتا ہے۔

محققین کا کہنا ہے کہ کچھ عادات کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔مثال کے طور پر وہ یہ تجویز دیتے ہیں کہ کام یا دکانوں پر جانے کے لیے گاڑی کے بجائے سائیکل کا استعمال کریں یا پیدل جائیں یا اپنے بچوں یا پوتے پوتیوں کے ساتھ کھیلتے وقت فعال رہیں۔

ان ماہرین کا کہنا ہے کہ آپ کے ہفتہ وار معمول میں خوشگوار سرگرمیاں حاصل کرنا آپ کی جسمانی سرگرمی کی مقدار کو بڑھانے کا بہترین طریقہ ہے۔ این ایچ ایس کی یہ تجویز ہے کہ بالغ افراد بھی ہفتے میں دو بار ایسی سرگرمیاں کریں جو پٹھوں کو مضبوط کریں۔

یوگا، پیلیٹس، وزن اٹھانا، بڑے پیمانے پر باغبانی کرنا اور بھاری شاپنگ بیگ اٹھانے سمیت یہ سب طریقے جسمانی ورزش کے طریقوں میں شمار ہوتے ہیں۔

مزیدخبریں