(24 نیوز) سابق وفاقی وزیر پی ٹی آئی و سیکریٹری اطلاعات فواد چوہدری کی اپنے بھائی فیصل چودھری ایڈووکیٹ سے گفتگو کی مبینہ آڈیو لیک ہوگئی۔
پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری اپنے بھائی سے کہتے ہیں کہ اچھا ! میں نے کہا کہ ’سی۔ جے‘ (چیف جسٹس) لاہور کہہ رہا ہے کہ میری کوئی جنرل کرائیں بندیال کے ساتھ۔
انہوں نے اپنے بھائی سے مزید کہا کہ دوسرا اپنا، مظاہر کے ساتھ ڈار صاحب کے زریعے، اُن کو زرا مل لیں، اُن سے کہیں کہ آپ کے ساتھ پورا ٹرک کھڑا ہے، آپ بتائیں کیا کریں؟۔
فواد چوہدری نے فیصل چودھری ایڈووکیٹ سے کہا کہ میری ذاتی تجویز یہ ہے کہ تارڑ پر تین چارجگہ استغاثہ کرائیں اور اس پر 228 لگوا کر اسے سزا دلوائیں تاکہ اِن پر پریشر تو آئے۔
جس پر فواد چودھری کے بھائی فیصل چودھری نے کہا کہ میں صبح کرلیتا ہوں۔ فواد چوہدری نے کہا کہ صبح اُن سے پوچھ کر مجھے بتانا۔ جس پر فیصل چوہدری نے کہا کہ ٹھیک ہے۔
دوسری جانب فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایک اور جعلی آڈیو میرے نام سے مارکیٹ میں پھینک دی گئی ہے، اس آڈیو کا میرے سے کوئی تعلق نہیں، نہ ہی چیف جسٹس لاہور سے کبھی ملاقات ہوئی اور نہ ہی انھیں جسٹس مظاہر کی مدد کا کہا۔