تیونس دنیا بھر میں سستی ترین روٹی فراہم کرنے والا ملک بن گیا

Mar 03, 2023 | 23:38:PM

(ویب ڈیسک)ایک روٹی کی سب سے زیادہ قیمت کے لحاظ سے امریکہ دنیا کے ممالک میں سرفہرست ہے جہاں 500 گرام کی تازہ روٹی کی قیمت 3.27 ڈالر تک پہنچ گئی ہے، اس کے بعد سوئٹزرلینڈ، آئس لینڈ، ناروے اور ڈنمارک کی قیادت میں شمالی یورپی ممالک ہیں ، ان ملکوں میں مذکور بالا وزن کی روٹی کی قیمت 3.2 ڈالر اور 2.84 کے درمیان ہے۔
اسی انڈیکس میں عرب ممالک مضبوطی سے روٹی کی قیمت کے لحاظ سے سب سے سستے ممالک کے طور پر سامنے آئے ہیں، عرب ممالک خطے کے زیادہ تر لوگوں کیلئے روزمرہ کی خوراک کو محفوظ بنانے پر بہت زیادہ انحصار کرتے ہیں، ریسرچ کرنے والی کمپنی نمبیوکے اعداد و شمار جن کا عرب ٹی وی نے جائزہ لیا کے مطابق تیونس ایک روٹی کی قیمت کے لحاظ سے سب سے سستا ملک بن کر سامنے آیا ۔ تیونس میں 500 گرام وزن کی ایک روٹی کی قیمت 0.14 ڈالر ریکارڈ کی گئی ۔ اس کے بعد الجزائر میں روٹی 0.16 ڈالر میں مل رہی ہے۔ تیسرے نمبر پر لیبیا میں یہی روٹی 0.35 ڈالر میں فروخت ہو رہی ہے۔
سستی روٹی کے اعتبار سے ٹاپ ٹین ملکوں میں 5 عرب ملک شامل ہیں، مصر آٹھویں نمبر پر موجود ہے۔ یہاں ایک روٹی 0.41 ڈالر میں خریدی جا سکتی، نویں نمبر پر مراکش ہے جہاں روٹی کی قیمت 0.42 ڈالر ہے، ترکیہ سستی روٹی کے اعتبار سے دسویں نمبر پر براجمان ہے۔
واضح رہے رینکنگ میں سب سے آگے موجود عرب ملکوں میں سے زیادہ تر اپنے بجٹ میں روٹی کی قیمتوں میں سبسڈی دیتے ہیں۔ اسی وجہ سے ان ملکوں میں روٹی کی قیمت عالمی اوسط سے کم ہے۔ سستی روٹی دینے میں سر فہرست ان عرب ملکوں میں سے زیادہ تر اپنی گندم کی ضروریات درآمدات کے ذریعہ پوری کرتے ہیں۔سستی ترین روٹی کے اعتبار سے چوتھے نمبرپر قازقستان، پانچویں نمبر پر ازبکستان ، چھٹے نمبر پر آذربائیجان، ساتویں نمبرپر پاکستان، آٹھویں نمبر پر مصر اور نویں نمبر پر مراکش موجود ہیں۔ اس طرح دیکھا جا سکتا ہے کہ دنیا میں سستی ترین روٹی فراہم کرنے والے ٹاپ ٹین ممالک سب کے سب مسلمان ملک ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ،مصرکاملازمین کی تنخواہیں، پنشن بڑھانے کا اعلان

مزیدخبریں