(24 نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ترقی کا جو سفر 2018ء میں رکا تھا شہباز شریف وہ دوبارہ شروع کریں گے۔
میڈیا سے گفتگو میں لیگی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پاکستان کیلئے خوشخبری ہے کہ شہباز شریف وزیراعظم منتخب ہوئے، شہباز شریف نے پاکستان کو سری لنکا بننے اور ڈیفالٹ ہونے سے بچایا، انہوں نے دن رات پنجاب میں بہت محنت کی۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والوں نے ملک میں عجیب ہنگامہ آرائی کی ہوئی تھی، آج پارلیمان میں آکر پی ٹی آئی والے ہنگامہ آرائی کررہے ہیں، ہم نے کبھی شہداء کے مجسموں کو ٹھوکریں نہیں ماریں، 2013ء والے نہ بدلے ہیں اور نہ بدلنے والے ہیں، پی ٹی آئی والے یوں ہی شور کریں گے۔
یہ بھی پڑھیے: عوام نے انتخابی دھاندلی کیخلاف فردِ جرم عائد کردی، سراج الحق
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ کیا خیبرپختونخوا میں دھاندلی نہیں ہوئی جہاں وہ جیتے ہیں، پی ٹی آئی والوں کی سوچ اچھی نہیں ہے یہ ہم 10سال سے دیکھتے آ رہے ہیں، پی ٹی آئی والے 13 سال سے وزیراعظم کا استعفیٰ مانگ رہے ہیں، پی ٹی آئی والوں کو استعفیٰ مانگنے اور ہنگامہ آرائی کے علاوہ کچھ نہیں آتا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والوں کو پتا ہے ن لیگ آئے تو مہنگائی، بیروزگاری ختم کرے گی، ملک میں سیاسی و معاشی استحکام آنا شروع ہوتا ہے یہ انہیں برداشت نہیں ہوتا، ہمارے پچھلے دور میں ترقی کا پہیہ تیزی سے چل رہا تھا، معیشت ترقی کررہی تھی، ملکی ترقی پی ٹی آئی والوں کو ہضم نہیں ہو رہی تھی۔