9 سال سے قتل کیس میں مطلوب ملزم سعودی عرب سے گرفتار

Stay tuned with 24 News HD Android App

(24نیوز)ایف آئی اے این سی بی انٹرپول نے کارروائی کرتے ہوئے 9 سال سے قتل کے مقدمے میں مطلوب ملزم کو سعودی عرب سے گرفتار کرلیا، ملزم کو سعودی عرب سے گرفتارکرکے اسلام آباد ائیرپورٹ منتقل کردیا گیا ہے۔
ایف آئی اے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت محمد وسیم کے نام سے ہوئی، ملزم پنجاب پولیس کو مطلوب تھا، ملزم کے خلاف 2016 میں قتل کی دفعات کے تحت تھانہ گوجرہ سٹی، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں مقدمہ درج تھا۔
ملزم قتل کر کے بیرون ملک فرار ہو گیا تھا، ایف آئی اے این سی بی انٹرپول نے ملزم کی گرفتاری کے لئے ریڈ نوٹس جاری کیا تھا۔
ملزم کو بعد ازاں ایف آئی اے امیگریشن اسلام آباد نے کے پی پولیس حکام کے حوالے کر دیا۔
ملزم کی حوالگی انٹرپول اسلام آباد کی انٹرپول ریاض کے ساتھ قریبی رابطہ کاری کی وجہ سے ممکن ہوئی، جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ این سی بی انٹرپول 24 گھنٹے پوری دنیا کے ساتھ رابطے میں ہے۔
علاوہ ازیں اسلام آباد میں شہری کو اغوا کرکے نقدی اور قیمتی موبائل فون چھینے والے گروہ میں شامل خاتون سمیت 4 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
اسلام آباد تھانہ شالیمار پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مغوی کو بحفاظت بازیاب کرکےچھینی گئی نقدی اورقیمتی موبائل فون بھی برآمد کرلئے، ملزمان کی شناخت زین طاہر ،احسان ، شاہ زیب اور عائشہ بی بی کے ناموں سے ہوئی، ملزمان کےخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق نے پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ ملزموں کو قرار واقعی سزا دلوانے کیلئے تمام قانونی تقاضے پورے کئے جائیں گے، منظم اور متحرک گینگز کے خلاف بڑے پیمانے پر کاروائیاں عمل میں لائی جارہی ہیں۔