ساڑھے 9 سال کے بعد آج مہنگائی کم ترین سطح پر ہے:وزیر اطلاعات

Mar 03, 2025 | 19:20:PM
ساڑھے 9 سال کے بعد آج مہنگائی کم ترین سطح پر ہے:وزیر اطلاعات
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(اویس کیانی )وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ بہت سے لوگوں نے شرطیں لگا رکھی تھیں کہ معیشت نہیں سنبھلے گی، ملک ڈیفالٹ کے دہانے پر ہے۔

انھوں نے اہم پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ایک سیاسی جماعت نے پاکستان کے خلاف آئی ایم ایف کو خطوط لکھے، کچھ چیزیں سیاست سے بالاتر ہوتی ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم نے ریاست کے لئے اپنی سیاست قربان کر دی ہے، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملکی مفاد میں فیصلے کئے گئے، آج مہنگائی 1.5 فیصد کی کم ترین سطح پر آ چکی ہے۔

عطا اللہ تارڑ کے مطابق 9 سال پانچ ماہ پہلے ستمبر 2015ءمیں مہنگائی 1.3 فیصد تھی، ساڑھے 9 سال کے بعد آج مہنگائی کی کم ترین سطح ہے، شرح سود میں کمی ہوئی، سٹاک ایکسچینج میں بہتری آ رہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ خارجہ محاذ پر پی ٹی آئی دور حکومت میں پاکستان عالمی سطح پر تنہائی کا شکار تھا، وزیراعظم کے دورہ ازبکستان کے موقع پر پاکستان کا پرچم ہر شاہراہ پر دیکھا گیا، عالمی سطح پر پاکستان کے لئے اچھے جذبات اور تاثرات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

وفاقی وزیر کے مطابق پاکستان میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے میچ ہو رہے ہیں ، پاکستان میں ایک بار پھر کھیلوں کے میدان آباد ہو رہے ہیں، سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد بڑھ رہا ہے۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ آج ہر ملک پاکستان کی تعریف کر رہا ہے، مختلف ممالک کے سربراہان پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں، آذربائیجان کے صدر نے پاکستان میں دو ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کا کہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ازبکستان کے صدر نے پاکستان کی عالمی سطح پر منفرد حیثیت کو تسلیم کیا، معاشی بحالی کے سفر میں محنت، ٹیم ورک اور ایس آئی ایف سی کا اہم کردار ہے، چیف آف آرمی اسٹاف عاصم منیر کا معاشی بحالی کے سفر میں کردار قابل ستائش ہے، محنت، نیک نیتی اور ٹیم ورک کی وجہ سے آج ہم اس مقام پر پہنچے ہیں۔

وفاقی وزیر کے مطابق مہنگائی میں کمی کے اثرات عوام تک پہنچنا شروع ہو رہے ہیں، وزیراعظم نے ایک سال کی تکمیل پر کابینہ کی خصوصی پراگریس ریویو رکھا ہے، کرنٹ اکاﺅنٹ خسارہ سرپلس میں جا رہا ہے، آئی ٹی برآمدات میں 32 فیصد اضافہ ہوا ہے، برآمدات بڑھ رہی ہیں۔