تیزہواؤں اورگرج چمک کیساتھ بارشیں،محکمہ موسمیات کی پیش گوئی

Mar 03, 2025 | 19:43:PM
تیزہواؤں اورگرج چمک کیساتھ بارشیں،محکمہ موسمیات کی پیش گوئی
کیپشن: موسم، فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(روزینہ علی)محکمہ موسمیات نے وفاقی دارالحکومت سمیت ملک بھر میں تیزہواؤں اورگرج چمک کیساتھ بارشوں کی پیش گوئی کردی۔

رپورٹ کے مطابق آج رات  بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان ، کشمیر ، شمال مشرقی پنجاب ،مری ، گلیات، خطہ پوٹھوہار اور اسلام آباد میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش اورپہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے ۔ اس دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش اور پہاڑوں پر شدید برفباری کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کے روز اسلام آباد اور گردونواح میں صبح کے اوقات میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان  ہے۔

خیبرپختونخوا کےبیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔تاہم دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ، بٹگرام ، ایبٹ آباد، بونیرباجوڑ، مالاکنڈ، ہری پور، صوابی، مردان، چارسدہ، نوشہرہ اور گردونواح میں صبح کے اوقات میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری کی توقع ہے۔

پنجاب کےبیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ صبح کے اوقات میں سرد رہنے کا امکان ہے۔تاہم صبح کے اوقات میں راولپنڈی ، چکوال ، جہلم ، گجرات، گوجرانوالہ،سیالکوٹ ،نارووال،لاہور، شیخو پورہ، اوکاڑہ، اور گردو نواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان۔ مری،گلیات اور گردونوا ح میں صبح کے اوقات میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش/ برفباری کی توقع ہے۔ لاہور،قصور، اوکاڑہ، شیخوپورہ، فیصل آباد، جھنگ، ٹو بہ ٹیک سنگھ، ساہیوال ، سرگودھا،بہاولنگر اور گردونواح میں صبح کے اوقات میں ہلکی سے درمیانی دھند کاامکان ہے۔

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے۔سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کی توقع  ہے۔

ادھرکشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر بارش اور برفباری کا امکان  ہے۔

انتباہ:آج( رات) اور کل( صبح )کےد وران درمیانی سے شدیدبارش/ برفباری کے باعث مری، گلیات، ناران، کاغان، دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، شانگلہ، استور، ہنزہ، سکردو، وادی نیلم، باغ، پونچھ، حویلی میں سڑکوں کے بند ہونے اور پھسلن کی وجہ سے ٹریفک کی روانی میں خلل کا اندیشہ ہے۔کشمیر ، گلگت بلتستان ، خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں ، مری اور گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ/برفانی تودے گرنے کا خطرہ ہے۔بارش اور برفباری کے دوران سیاحوں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔