(24نیوز)وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ 40 سال سے زائد عمر کے لوگوں میں ویکسین کی فراہمی کے عمل کا آغاز ہوگیا ہے جس کی رجسٹریشن کا آغاز گزشتہ ہفتے کیا گیا تھا۔
اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے گزشتہ سال جولائی میں گاوی کے ساتھ مذاکرات کا آغاز کردیا تھا جس وقت کوئی ویکسین نہیں بنی تھی۔انہوں نے بتایا کہ ای سی سی نے 15 کروڑ ڈالر 30 نومبر کو منظور کیے تھے جسے کابینہ نے یکم دسمبر کو منظور کیا تھا اور اس وقت بھی دنیا میں کوئی ویکسین منظور نہیں کی گئی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ رواں سال جون کے آخر تک ایک کروڑ 90 لاکھ خوراک حاصل ہوجائیں گی جن میں سے 90 فیصد خریداری کے ذریعے حاصل ہوں گی۔ان کا کہنا تھا کہ 'پاکستان میں موجودہ آبادی میں ویکسینیشن لگوانے کے لیے اہل 10 کروڑ کے قریب ہیں، باقی 18 سال سے کم ہیں اور اکثر ویکسین 18 سال سے زائد عمر کے لئے رجسٹرڈ ہیں'۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت نےناکامیاں چھپانے کیلئے میڈیا کا گلا دبا رکھا ہے: بلاول