(24 نیوز)بھارت کی ریاست مغربی بنگال میں ترنمول کانگریس نے شاندار کامیابی حاصل کر لی اور 292 نشستوں میں سے 196 پر کامیابی کے ساتھ اکثریت حاصل کرلی ہے۔ اس طرح ممتابنرجی کی یہ ہیٹ ٹرک ہے جو ریاست میں تیسری مرتبہ ترنمول کانگریس کی حکومت قائم کریں گی۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق شاندار کامیابی کے بعد ممتا بنرجی نے کہا کہ یہ بنگال کے عوام کی جیت ہے۔ میں تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتی ہوں، انہوں نے پارٹی ورکروں کو سڑکوں پر اتر کرجشن منانے سے باز آنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اپنے اپنے گھروں میں چلے جائیں، جب کہ بی جے پی کو صرف معمولی نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی اور پوری طاقت جھونک دینے کے باوجود اس کو مغربی بنگال میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔ نئی تشکیل شدہ جماعت آئی ایس ایف بھانگرسے جیت درج کرنے میں کامیاب رہی ہے۔ آئی ایس ایف کے سربراہ عباس صدیقی کے بھائی نوشاد صدیقی نے جیت حاصل کرلی ہے۔ ترنمول کانگریس نے 2011 اور 2016 میں بھی بڑی جیت حاصل کی ہے۔ بی جے پی نے اس مرتبہ کئی سینئر لیڈروں کو میدان میں اتارا تھا جنہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ مرکزی وزیر بابل سپریہ ٹالی گنج اسمبلی حلقہ سے انتخاب ہار گئے، جبکہ بی جے پی کے سابق ریاستی صدر راہل سنہا اس مرتبہ بھی جیت حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ تاہم ترنمول کانگریس چھوڑ کر بی جے پی میں شامل مکل رائے کرشنا نگر شمال سے جیت حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
دوسری جانب بھارتی ریاست تامل ناڈو میں ایک دہائی کے بعد اپوزیشن ڈی ایم کے نے اپنے کٹر حریف اے آئی ڈی ایم کے خلاف بہ آسانی فتح حاصل کرلی ہے۔ ڈی ایم کے کے 68 سالہ صدر ایم کے اسٹالن پہلی مرتبہ چیف منسٹر کا عہدہ سنبھالیں گے۔ ڈی ایم کے کی زیر قیادت اتحاد نے شاندار کامیابی حاصل کرلی ہے۔ اسی طرح ریاست کیرالا میں گزشتہ چار دہائیوں کے دوران موجودہ حکومت دوسری میعاد میں بھی حکومت تشکیل دے گی۔ پنا رائی وجین 76 سالہ سی پی آئی ایم کے سینئر قائد ہیں جو کیرالا کی تاریخ میں تیسرے چیف منسٹر ہیں جو دوسری بار منتخب ہوئے ہیں اور انہوں نے اپنی میعاد پوری مکمل کی ہے۔ توقع ہے کہ ایل ڈی ایف کو 95 اور 100 کے درمیان نشستیں حاصل ہوں گی۔ریاست آسام میں بی جے پی کی زیر قیادت این ڈی اے حکومت دوسری میعاد کے لئے حکومت تشکیل دے گی۔ 126 رکنی اسمبلی میں اسے 74 نشستوں پر کامیابی حاصل ہونے کی امید ہے۔ کانگریس کی زیر قیادت اتحاد کو 50 نشستیں مل سکتی ہیں۔ پانڈوچری میں اے آئی این آر سی کی زیر قیادت این ڈی اے 13 سیٹوں پر کامیابی کے ساتھ حکومت تشکیل دے گا۔ اس اتحاد کو 16 نشستیں ملی ہیں جبکہ کانگریس کو 8 نشستوں پر کامیابی ملی ہے، دیگر 6 امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی اداکارہ شروتی ہاسن کے دلفریب انداز مداحوں کو بے حد پسند